صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا وزیر تعمیرات و مواصلات کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال گجرات کا دورہ

بدھ 24 اپریل 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے عزیز بھٹی شہید ڈی ایچ کیو ہسپتال گجرات میں زیر مرمت فی میل سرجیکل وارڈ کی گرنے والی چھت کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، ڈی پی او گجرات بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ضلعی انتظامیہ گجرات اور ہسپتال انتظامیہ نے وقوعہ کے بارے میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے جائے وقوعہ پر زمین بوس ہونے والے وارڈ کاجائزہ لیا۔اس موقع پر بریفنگ کے دوران انتظامیہ نے بتایا کہ فی میل سرجیکل وراڈ کے نیچے والے حصہ پر مرمتی کام اود چھت پر سولر پینلز کی تنصیب کا کام جاری تھا جبکہ واقعہ کے لئے انکوائری رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک اور اے ڈی سی آر خضر حیات بھٹی اس کی انکوائری کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ اس افسوس ناک واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے تمام ہسپتالوں کے لئے ٹی او آرز / ایس او پیز جاری کئے جائیں گے، انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی سطح پر ڈپی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک اور صوبائی سطح پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کا ریسرچ ونگ اس واقعہ کی تیکنیکی لحاظ سے انکوائری کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انکوائری اور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے واقعہ میں ہلاک ہونے والی خاتون عظمت بی بی کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔انہوں نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے تیمارداری کی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی مریضوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے زمین بوس ہونے والے سٹرکچر کو فوری مرمت کیا جائے تاکہ عوام الناس کو علاج معالجہ کی سہولیات بلاتعطل جاری رہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں