کمشنر لاہور کی زیر صدارت روٹی و نان کی قیمتوں کے نفاذ و گندم خریداری کے حوالے سے اجلاس

جمعہ 26 اپریل 2024 01:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت روٹی و نان کی قیمتوں کے نفاذ و گندم خریداری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ روٹی و نان کی قیمتوں کے حوالے سے پنجاب قیمت ایپ پر آنے والی شکایات کا 24گھنٹے میں ہی ازالہ ہونا چاہئے۔ کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ قیمتوں کے نفاذکیلئے لاہور شہر میں 24گھنٹے میں 1703 انسپیکشنز ہوئیں جن کے نتیجے میں 40ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

کمشنر نے کہا کہ لاہور میں کل انسپیکشنز میں روٹی و نان قیمتوں کی 10فیصد سے کم خلاف ورزیاں پائی گئیں، 15 تا 25اپریل لاہور ڈویژن میں روٹی و نان کی قیمتوں کی 11فیصد خلاف ورزیاں ہوئیں۔ کمشنر نے ڈی سیز کو خلاف ورزیاں زیرو فیصد پر لانے کی ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا کہ لاہور ڈویژن میں 24گھنٹوں میں 3037 انسپیکشنز کی گئیں، انسپیکشنز کے دوران زیرو ٹالرنس رکھیں۔

(جاری ہے)

لاہور ڈویژن میں 24گھنٹوں میں روٹی و نان کی سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی پر 4لاکھ 32ہزار روپے جرمانہ عائد ، 37ایف آئی آرز درج اور23 کو گرفتار کر لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ گندم خریداری مراکز میں کسانوں کیلئے سیٹنگ، پانی و تمام سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق گندم خرید ہوگی، تمام ڈی ایف سیز مراکز کے نگران ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، اے ڈی سی جی لاہور محمد شجعین وسترو سمیت ڈی ایف سیز نے شرکت کی جبکہ تمام ڈی سیز نے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں