پاکستان باہم رواداری اوراخوت کا مظہرملک ہے ،یہاں ہرمذہب کے پیروکاروں کوعزت دی جاتی ہے،صوبائی وزرا

ہفتہ 27 اپریل 2024 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پاکستان باہم رواداری اور اخوت کا مظہر ملک ہے اور آج کے دورہ کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں ہر مذہب کے پیروکاروں کو عزت دی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گورنمنٹ پاکستان ماڈل ہائی سکول میں مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارات کی تزئین وبحالی کے ساتھ ساتھ اس ورثے کو محفوظ بھی کرنا ہے،ہم ایسا سکول بنانا چاہتے ہیں جس میں سکھ اور مسلمان برادری اکٹھی تعلیم حاصل کرے جس سے باہم رواداری کو فروغ ملے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی بہت زیادہ کمی ہے گزشتہ چھ سال سے ایک بھی استاد بھرتی نہیں کیا گیا اور اب ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ کی دستیابی کے لئے ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیرتعلیم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا ویژن پڑھا لکھا اور معیاری تعلیم کا حامل پنجاب ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی صورت بھی سکولوں میں قبضہ مافیا کو برداشت نہیں کیا جائے اور تجاوزات کو فوری ہٹا کر ان کی جگہ خوبصورت ماڈلز بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں ہراسمنٹ کے کیسز کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے،ہم شکایت سیل اور پورٹل بنارہے ہیں جس میں ہراسمنٹ کی ممکنہ شکایات درج ہونگی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ اگرچہ بیشتر سکولوں میں ابھی کتابیں دستیاب نہیں لیکن کتابوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اسی سال بوٹی مافیا کا خاتمہ کردیں گے تاکہ لائق طلبا و طالبات کو ان کا حق مل سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میرٹ پر سی ای او ایجوکیشن لگانے کے لئے ٹیسٹ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے اور یہ عمل میرٹ کے اصولوں کی سخت پابندی کرتے ہوئے کیا جائے گا۔

وزیراقلیتی امور نے کہا کہ پاکستان ماڈل سکول کا وزٹ کرنے کے پیچھے ایک بہترین مقصد یہ ہے کہ یہ گردوارہ اور سکھ قوم کا ورثہ اس سے منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان رواداری،اخوت اور بھائی چارے کی فضاء رکھنے والا ایک مثالی ملک ہے۔سکھ کمیونٹی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول کی خوبصورت بلڈنگ کی مزید بحالی کا کام کیا جانا چاہیے اور ہم یہاں بابا گرونانک کا پیغام جوڑنا اور خدمت کرنا کے ساتھ آئے ہیں۔

صوبائی وزراء نے سکول کا دورہ بھی کیا اور عمارت کے مختلف تاریخی حصوں کا جائزہ لیا۔صوبائی ورزاء نے سکول کے تدریسی وانتظامی امور پر بھی بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان،سی ای او ایجوکیشن کاشف ضیاء،ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن افتخار احمد خاں اور دیگر ضلعی افسران بھی ہمراہ تھے۔بعدازاں صوبائی وزراء نے کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ شعبہ تعلیم کی ترقی اولین ایجنڈا ہے جس کے لئے دوررس نتائج کے حامل اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن افسران اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور سکولوں کے وزٹس کو معمول بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تدریسی امور کی جانچ پڑتال اور کمی کو دور کرائیں۔طالب علموں کو معیاری تعلیم کے ساتھ اعلی اخلاقی اقدار کا پاسدار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ درپیش مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے ارکان اسمبلی اور مسلم لیگی رہنماؤں کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ شعبہ تعلیم کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں