وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر فوڈ اتھارٹی نے فیلڈ آپریشن تیز کر دیا ، 3200لیٹر دودھ تلف ،گاڑی ضبط

پیر 13 مئی 2024 18:47

:لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر فوڈ اتھارٹی نے فیلڈ آپریشن تیز کر دیا ، 3200لیٹر دودھ تلف کر کے گاڑی ضبط کر لی گئی ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ دیپالپور روڈ پر واقع ڈوگر حویلی سے سپلائی کے لیے تیار ملاوٹی دودھ برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر3200لیٹر تیار جعلی دودھ تلف کیا گیا۔

جعلی دودھ پائوڈر، پانی،ویجیٹیبل آئل اور کیمیکلز سے تیار کیا جا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ جعلی دودھ میں استعمال ہونے والے اجزاء انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتے ہیں۔ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج، موقع سے سپلائی والی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔ خفیہ اطلاع مل پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

جعلی تیار دودھ کو لاہور کی مختلف سوسائٹیز اور ملک شاپس پر سپلائی کیا جانا تھا۔ عاصم جاوید نے کہا کہ ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں کو پیٹ ،معدہ اور آنتوں کی بیماریوں میں مبتلا کرتا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر خالص دودھ کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی طرز کی پالیسی لا رہے ہیں۔ ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کا پنجاب میں کوئی کام نہیں، کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ پنجاب کی عوام تک غذائیت سے بھرپور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں