گندم کی نئی قیمت کے تعین کا معاملہ، سرکاری وکیل کو جواب جمع کرانے کی مہلت

منگل 14 مئی 2024 14:23

گندم کی نئی قیمت کے تعین کا معاملہ، سرکاری وکیل کو جواب جمع کرانے کی مہلت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے گندم کی نئی قیمت مقرر کرنے کے لئے درخواست پر سرکاری وکیل کو جواب جمع کروانے کی مہلت دے دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے احمد بلال محبوب ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ وفاقی حکومت نے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم ہونے کے باوجود 35 لاکھ ٹن گندم باہر سے درآمد کی، وفاقی حکومت کے گندم درآمد کرنے سے قومی خزانے کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید کہا گیا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی وہی قیمت برقرار رکھی ہے جو گزشتہ سال تھی، مہنگائی 20فیصد بڑھ چکی ہے مگر کسانوں کے لئے گندم کا ریٹ نہیں بڑھایا گیا، حکومت کو حکم دیا جائے کہ گندم کی نئی قیمت مقرر کرے۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اس معاملے پر ہمیں جواب جمع کروانے کے لئے مہلت دی جائے، عدالت عالیہ نے سرکاری وکیل کو جواب جمع کروانے کیلئے مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے وفاق، پنجاب حکومت اور محکمہ زراعت سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں