پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ، ریت کی غیر قانونی کھدائی ،ترسیل پر شدید تشویش کا اظہار

بدھ 15 مئی 2024 19:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی 3 کا پہلا اجلاس وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور وزیر مواصلات صہیب احمد ملک نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ممبرز پنجاب اسمبلی مشتاق احمد، شوکت راجہ، سردار محمد علی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ریت کے اوور لوڈڈ ٹرالوں کی آمد و رفت سے سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے ریت کی غیر قانونی کھدائی اور ترسیل پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کانوں کی کھدائی کے دوران غیر ضروری دھماکوں پر ناراضگی کا اظہار کیا۔اجلاس میں ہائی ویز پر ہیوی وہیکلز کی آمد و رفت سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا اور مجوزہ وزن سے زیادہ لوڈڈ وہیکلز کا ہائی ویز پر داخلہ روکنے کے میکنزم کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

سڑکوں پر لوڈ مینجمنٹ کے مکمل عملدرآمد پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے اس موقع پر کہا کہ ریت کی غیر قانونی لیز اور کھدائی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ویز عوام کی پراپرٹی ہیں اور عوام کے ٹیکس سے بنائی گئی ان سڑکوں کو اوور لوڈڈ ہیوی وہیکلز کے ذریعے تباہ ہونے نہیں دیا جائے گا۔سردار شیر علی گورچانی نے مزید کہا کہ ماضی میں محکمہ معدنیات کو مال مفت دل بے رحم کی طرح استعمال کیا گیا اور پنجاب کی زمین کے معدنی خزانے کو سابق حکومت نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اس خزانے کو عوام کی فلاح کے لیے استعمال کیا جائے گا اور عوامی خزانے پر ڈاکہ مارنے والوں کا احتساب بے حد ضروری ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ریت کی چوری اور غیر قانونی کھدائی سے قومی خزانے کو روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ سردار شیر علی گورچانی نے بتایا کہ انہوں نے سخی سرور کے مقام پر خود چھاپہ مار کر ریت کی غیر قانونی ترسیل پکڑی، جہاں مقامی افسران کی ملی بھگت سے ہر ٹرالی پر 2500 سے 3500 روپے تک رشوت لی جا رہی تھی۔

سردار شیر علی گورچانی نے عزم ظاہر کیا کہ ایسی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کی اب اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر مواصلات نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو محکمہ معدنیات اور ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر نشاندہی کیے گئے تمام مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کرے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ ایسا میکنزم بنا رہا ہے جس کے تحت اوور لوڈنگ سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں