محکمہ خوراک پنجاب کا گندم ترسیل بارے پالیسی بیان جاری، گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی عائد نہیں کی،ترجمان

اتوار 19 مئی 2024 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) محکمہ خوراک پنجاب نے گندم ترسیل بارے پالیسی بیان جاری کر دیا۔ترجمان کے مطابق محکمہ خوراک نے گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی عائد نہیں کی ، حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق گندم کی بین الصوبائی و بین الاضلاعی نقل و حمل کی مکمل اجازت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گندم خریداری پالیسی 2024 کے مطابق گندم کی نقل و حمل کی مکمل اجازت اور محکمہ خوراک پنجاب نے گندم ترسیل پر پابندی بارے کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ گندم کی ترسیل کیلئے کسی قسم کے پرمٹ کی بھی ضرورت نہیں ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بعض حلقے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے لکھے گئے ایک خط کو گندم کی ترسیل سے جوڑ رہے ہیں جو سراسر غلط فہمی پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت اور محکمہ داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں مختلف اشیاء کی سمگلنگ روکنے کیلئے تمام چیک پوسٹوں پر چوکس اور دیانتدار عملے کی تعیناتی کیلئے خطوط لکھے گئے۔

تاہم گندم کی ترسیل،خرید و فروخت اور بین الصوبائی و بین الاضلاعی نقل و حمل کی مکمل اجازت ہے۔ چیک پوسٹوں پر تعینات عملہ گندم کی ترسیل کا ریکارڈ مرتب رکھے گا تاکہ یہ علم ہو سکے کہ کس ضلع اور صوبے میں کتنی گندم بھجوائی گئی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ دیگر اجناس کی طرح گندم کا ریکارڈ رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ مخصوص عناصر مارکیٹ میں مصنوعی کمی کا تاثر پیدا نہ کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گندم وافر مقدار میں موجود اور پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہونے کے ناطے دیگر صوبوں کی غذائی ضروریات بھی پوری کرتا ہے، اس ضمن میں ضرورت کے مطابق گندم بھی دیگر صوبوں کو بلا روک ٹوک بھجوائی جا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں