پنجاب میں گرمی کی شدت ،اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز یکم جون کے بجائے 25مئی سے ہوگا جن سکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہاں چھٹیاں نہیں ہوں گی‘محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب

پیر 20 مئی 2024 13:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا گیا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق اب گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز یکم جون کے بجائے 25مئی سے ہوگا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے کہا کہ موسم کی شدت کی وجہ سے 7 اضافی چھٹیاں ہوں گی، جن سکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہاں سکولوں میں چھٹیاں نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

ان اسکولوں میں حفاظتی اقدامات کو بہتر کرتے ہوئے امتحان لینے کی اجازت ہوگی۔یاد رہے کہ 17مئی کو محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے اعلان کیا تھا کہ صوبہ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 14اگست تک ہوں گی جبکہ گرمی کی شدت بڑھنے پر اسکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کردیے گئے تھے۔صوبہ بھر کے اسکولوں کے اوقات کار پیر سے جمعرات اور ہفتہ کو صبح 7 بجے سے دن ساڑھے 11 بجے تک کردیے گئے تھے، جبکہ جمعہ کے روز اسکولوں کے اوقات کار صبح 7 بجے سے دن 11 بجے تک ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں