ذ*لاہور میں استعمال شدہ گندے آئل کو دوبارہ پیک کرنے والا مافیا پکڑ ا گیا

جمعرات 23 مئی 2024 20:50

ٰ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2024ء) لاہور میں استعمال شدہ گندے آئل کو دوبارہ پیک کرنے والا مافیا پکڑ لیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان چونگی پر جعلی آئل یونٹ پر چھاپہ مارا اور 1300لیٹر ناقص آئل ضبط کر لیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ استعمال شدہ گندے آئل کو پروسیسنگ کے بعد پیک کیا جارہا تھا، مختلف ریسٹورنٹس، فاسٹ فوڈ پوائنٹس سے خریدا جانے والا استعمال شدہ آئل نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا۔

بائیو ڈیزل یا سوپ مینوفیکچرنگ کمپنیز کی ساتھ معاہدے کی عدم دستیابی اور ریکارڈ موجود نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ مضر صحت کیمیکلز کی ملاوٹ سے آئل کا رنگ بدل کر پیک کرنا سنگین جرم ہے، ناقص مضر صحت آئل کو دوبارہ برانڈز کی پیکنگ لگا کر سپلائی کیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

آئل میں لازم میٹانیل ڈائی کا استعمال نہیں کیا گیا تاکہ یہ انسانی استعمال میں نہ آ سکے۔

عاصم جاوید نے کہا کہ ناقص آئل کا استعمال انسان کو دل کے عارضے اور دیگر موذی امراض میں مبتلا کرتا ہے، خوراک کے نام پر بیماریاں پھیلانے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، زیادہ منافع کے لالچ میں عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ گردونواح میں واقع ایسے یونٹس کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کو مطلع کریں، پنجاب میں معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی یقینی فراہمی تک زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں