محکمہ بہبود آبادی پنجاب کے زیر اہتمام شادی سے پہلے کی مشاورت کی قبولیت کو بڑھانے کے لیے کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 24 مئی 2024 17:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) محکمہ بہبود آبادی پنجاب کے زیر اہتمام شادی سے پہلے کی مشاورت کی قبولیت کو بڑھانے کے لیے الرازی ہال پنجاب یونیورسٹی لاہور میں کانفرنس کا انعقادہوا۔ اس کانفرنس میں شرکا میں مذہبی رہنما/اسکالرز، سرکاری ملازمین، یونیورسٹی کے طلبا، صحافی، سیاسی رہنما، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افر اد نے شرکت کی۔

اس کانفرنس کی مہمان خصوصی پاپولیشن ویلفیئر کی ڈائریکٹر جنرل ثمن رائے تھی۔اس موقع پرڈاکٹر سارہ رضوی جعفری چیئرپرسن سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ،ڈاکٹر یحیی گلزار ٹیکنیکل آفیسر،مفتی مختار ندیم صاحب (محکمہ اوقاف)،شاہد نواز پراجیکٹ ڈائریکٹر (پری میرٹل کونسلنگ)،میاں امجد فرو (ڈائریکٹر پی ایم ای)،ڈاکٹر زبدہ ریاض (ڈائریکٹر ٹیکنیکل)،شیریں سخن ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راولپنڈی، ہما مہدی لغاری ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ڈی جی خان، مظہر اقبال ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر لاہور،ذیشان عارف ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر لیہ،اسرار احمد (ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر قصور)،زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور پنجاب یونیورسٹی کے طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی ڈائریکٹر جنرل ثمن رائے نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شادی سے پہلے کی مشاورت ہمارے زچہ و بچہ کی صحت کے اشارے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ یہ جینیاتی عوارض اور جنسی طور پر منتقل ہونے والے انفیکشن کے بوجھ کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے، جہاں تھیلیسیمیا کا سب سے زیادہ بوجھ ہے، جو کہ خون کی خرابی کا باعث بنتا ہے۔

اس سلسلہ میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے چار اضلاع ڈی جی خان، لیہ، راولپنڈی اور قصور میں ''پری میرٹل کونسلنگ'' کے عنوان سے ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا۔اس پروجیکٹ کے تحت اب تک تقریبا 56000 اہل کلائنٹس کو شادی سے پہلے کی مشاورت فراہم کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ شادی سے پہلے کانسلنگ زرخیزی کے رویوں کو متاثر کرنے، کلائنٹس/جوڑوں کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں تعلیم دینے اور شادی اور متعلقہ ذمہ داریوں کے لیے ذہنی طور پر تیار کرنے میں مدد دے کر صحت کے نتائج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

مشاورت اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کرتی ہے کہ کلائنٹس،جوڑے زندگی بھر مضبوط اور صحت مند تعلقات رکھ سکتے ہیں۔ اب یہ کئی اسلامی ممالک سمیت اکثر ممالک میں معمول کے مطابق پیش کی جا رہی ہے۔ ایران ایک اسلامی ملک کی ایک اچھی مثال پیش کرتا ہے جہاں ازدواجی ہم آہنگی اور خاندانی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے مقصد سے اس تصور کو کامیابی کے ساتھ لاگو کیا گیا ہے۔کانفرنس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں