لاڑکانہ کے نواحی علاقے میں زمینی تنازعہ پر جھگڑا، 2 خواتین سمیت 4 افراد قتل، 6 زخمی

منگل 14 مئی 2024 20:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) قمبر کے قریب زمینی کے تنازعہ پر دو خاتون اور لڑکے سمیت 4 افراد قتل جبکہ مرد، خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، زخمی بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قمبر شہدادکوٹ کے تھانہ ماہی مکول کی حدود گاؤں در محمد مغیری میں مغیری برادری کے دو گروپوں کے درمیان زمینی تنازعہ کے نتیجے میں جھگڑا ہوا ،جس میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کمال خان مغیری 15 سالہ لڑکے یاسین کو موقع پر قتل کردیا جبکہ گولیاں لگنے کے باعث مقتول کمال خان مغیری کی 5 سالہ بیٹی نویدہ خاتون، بیٹا فدا حسین مغیری، احسان مغیری، ارباب علی مغیری ان کی بیوی ہیرا خاتون، محمد آچر مغیری سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 5 سالہ بچی کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ واقعے کے بعد دونوں گروپوں میں کشیدگی کے باعث پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور حالات پر کنٹرول کرنے کے بعد زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے لاڑکانہ ٹراما سینٹر منتقل کردیا جہاں دوران علاج زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے زخمی خاتون ہیرا خاتون مغیری اور ان کے شوہر ارباب مغیری دم توڑگئے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقتولین کے لواحقین کا کہنا تھا کہ گاؤں در محمد مغیری میں ہماری 8 ایکڑ زرعی زمین ہے جس پر بااثر افراد قبضہ کی کوشش کررہے تھے ،منع کرنے پر انہوں نے ہمارے گھروں پر حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایسا واقعہ پیش آیا ہے۔اس حوالے سے ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ کلیم ملک نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ زمینی تنازعہ پر پیش آیا ہے جس میں دو خواتین ، لڑکے سمیت4 افراد قتل جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔واقعے کے بعد بھاری پولیس نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر حالات پر کنٹرول کرلیا ہے، تمام جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں