معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو اوپر لانے کے پراجیکٹ کا افتتاح

جمعہ 9 اکتوبر 2020 15:35

لورالائی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2020ء) : لورالائی میں افراد باہم معذوری، خواتین اور خواجہ سراؤں کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کے لیے مقامی تنظیم کے پراجیکٹ کا افتتاحی پروگرام منعقد ہوا۔ افتتاحی پروگرام میں ریجنل مینٹور نبیل احمد، سوشل موبلائزر شمس دمڑ، نیولائف سوسائٹی فار سپیشل پرسنز ، انجمن معذوران کے نمائندوں اور خواتین گروپس، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے شیخ میرا جان اور سول سوسائٹی نیٹ ورک کے چیئرمین محمد انور ناصرنے شرکت کی۔

افتتاحی پروگرام کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سردار ایاز موسیٰ خیل تھے۔ مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو طبقات انتہائی پسماندہ ہیں ان میں خصوصی افراد، خواتین اور خواجہ سرا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کو معاشرے کا اہم رکن بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ -’’ہم بھی ہیں‘‘ ملکی سطح پر ایک بہترین پراجیکٹ ہے جو ملک کے چاروں صوبوں سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہے۔

اس پراجیکٹ کے چند مراحل مکمل ہوچکے ہیں جب کہ اگلے دو سالوں میں ان طبقات کی بہتری کے لیے مذید کام کیا جائے گا اور ان سب کی مشاورت سے تجاویز مرتب کی جائیں گی اور یہ تجاویز صوبائی اور وفاقی حکومتوں تک پہنچائی جائیں گی۔ تقریب سے خصوصی افراد اور خواتین نمائندوں نے بھی خیالات کا اظہار کیا اور پراجیکٹ کو سراہا انہوں نے کہا کہ معاشرے کے یہ طبقات واقعی مختلف مسائل کا شکار ہیں یہ مسائل قابل حل ہیں اور صرف حکومتی توجہ سے ان طبقات کے مسائل نصف ہوسکتے ہیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشن ڈپٹی کمشنر سردار ایاز موسیٰ خیل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان طبقات کے مسائل کو سمجھتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے دی گئی تجاویز پر بھرپور عمل کیا جائے گا ضلعی انتظامیہ تمام محکموں کے سربراہان کو بلائے گی اور دیے گئے قابل عمل تجاویز پر بھرپورعمل درآمد کو ممکن بنایا جائے گا۔

لورالائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں