بالاکوٹ کے موضع ست بنی کے مقام پر ذبح کر کے قتل کئے جانے والے شخص کے نامزد ملزمان ضمانت پر رہا

بدھ 6 مئی 2020 15:30

بالاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2020ء) بالاکوٹ کے موضع ست بنی کے مقام پر دو ماہ قبل بے دردی سے ذبح کر کے قتل کئے جانے والے شخص کے نامزد ملزمان دو ماہ بعد ہی ضمانت پر رہا ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ کے موضع ست بنی کے مقام پر دو ماہ قبل 21 فروری کو بے دری سے ذبح کر کے قتل کئے جانے والے مقتول ولی الرحمن ولد میر زمان کے نامزد گرفتار ملزمان حقیقی بھائی عزیز الرحمن ولد میر زمان سمیت دیگر پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہا ہو گئے ہیں۔

ملزمان نے ایڈیشنل مجسٹریٹ بالاکوٹ کی عدالت میں درخواست ضمانت داخل کروائی تھی جو منسوخ کر دی گئی۔ بعد ازاں ملزمان نے ماڈل کورٹ مانسہرہ میں درخواست ضمانت جمع کروائی جو ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت منتقل ہوئی جسے 10 اپریل کو خارج کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا، گذشتہ روز ملزمان کو ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ مقتول ولی الرحمن کے بیٹے الیاس کے مطابق اس کے والد نے اپنے آخری الفاظ میں اپنے حقیقی بھائی عزیزالرحمن کا ذکرکیا تھا کہ اس نے اس شخص کو بے دردی سے ذبح کروایا۔ واقعہ کے بعد تھانہ بالاکوٹ میں مقتول کے بیٹے محمد الیاس کی معیت میں ملزمان عزیز الرحمن ولد میر زمان قوم گجر، محمد زمان ولد میر زمان، فضل الرحمن ولد عبدالرحمن ساکنان ست بنی کو مختلف مقامات سے یکے بعد دیگرے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 302/34 کے تحت مقدمات درج تھے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں