مانسہرہ،دی بینک آف خیبر کے زیر اہتمام اسلامی بینکاری کی آگاہی مہم کے سلسلے میں تقریب

جمعرات 16 مئی 2024 20:40

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) دی بینک آف خیبر کے زیر اہتمام اسلامی بینکاری کی آگاہی مہم کے سلسلے میں ہائی سکول اوگی میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں اوگی کے معروف مذہبی سکالرز ، مفتیان کرام ، اساتذہ سمیت شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مقامی و غیر مقامی افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیمینارمیں شریعہ بورڈ کے ممبر قاضی عبد الصمد ، محمد زاہد خان ایریا منیجر اسلام آباد، ہزارہ ڈویژن ،عدیل خان بزنس ڈویلپمنٹ ڈویژن ، ڈاکٹر عبد الباسط ، پروڈکٹ ڈویلپمنٹ ڈویژن نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں اسلامی بینکاری کے حوالے سے بینک میں اسلامی اصولوں کے مطابق کاروبار پر تفصیلی اور دلائل پر مبنی گفتگو کی۔دی بنک آف خیبر اوگی برانچ کے منیجر رفاقت علی شاہ نے بھی خطاب کیا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دی بینک آف خیبر کے اعلیٰ عہدیداروں نے سوال و جواب کے نشست کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں اسلامی بینکاری اور اس کے فوائد کے بارے میں سوالوں کے جوابات دیئے گئے اور قرآن و سنت کی روشنی میں مشارکہ ، مضاربہ سمیت تمام کاروباری اصولوں کو اجاگر کیا گیا۔

سوال و جواب نشست میں اوگی کے مفتیان اور علماء کرام نے مثبت انداز میں جوابات کو سراہا ،علماء کرام نے عوام الناس کو دین اسلام کے عین مطابق بینکاری سسٹم کے بارے میں اپنی رقوم کو محفوظ رکھنے اور حلال کاروبار کرانے کی قرارداد منظور کی جس کی متفقہ طور پر تائید کی۔سیمینارسے خطاب میں قاضی عبدالصمداوردیگرمقررین نےکہاکہ سود سے پاک سرمایہ کاری کے لئے دی بنک آف خیبر اسلامی اصولوں کے مطابق شریعہ بورڈ کی زیر نگرانی بینکاری کر رہا ہے۔

اسلامی معاشی نظام کیلئے قرآن وسنت میں اصول واضح ہیں،خالق کائنات نے حرام اور حلال میں تمیز رکھی ہے،شریعت کی نظر میں کاروبار کرنے میں ممانعت نہیں ہے۔ملک میں بینکاری میں تین نظام پیسہ جمع ہونا ،سرمایہ کاری اور منافع میں شرعی نقطہ نظر سے خامیاں ہیں جس کو ٹھیک نہ کیا گیا تو سود اور حرام داخل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے عقیدہ ،معاشرت،معاملات سمیت تمام مسائل کو کھول کر بیان کیا ہے جس پراس کے اصل روح کے مطابق عملدرآمدناگزیرہے ۔

بنک آف خیبرجو واحد بنک ہے جو عملاً اسلامی بینکاری کیلئے صف اول کا کردار ادا کررہاہے۔خیبر بنک شریعہ بورڈ اور مفتیان کی زیر سرپرستی چلایا جا رہا ہے ۔شریعت کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں پاکستان کو2027 تک سودی نظام سے پاک کرناہدف ہے اورخیبربنک کی بنکنگ دنیامیں سب سے بڑھ کراس حوالے سے عمل پیرا ہے۔انہوں نےشہریوں پر زور دیا ہے کہ ملک میں خوشحالی اور اسلامی بینکنگ کے فروغ کے لئے دی بینک آف خیبر میں سرمایہ کاری کریں اور سودی نظام کے خاتمہ اور معاشرہ کو اس سے پاک کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں