وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کپاس کے کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے،ڈاکٹر وسیم الحسن

جمعرات 21 مارچ 2024 22:56

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کپاس کے کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ کپاس کی بحالی وترقی اور اس کے فروغ کے لئے نئی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے۔یہ بات وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے کاٹن کمشنر ڈاکٹر وسیم الحسن نے سی سی آر آئی میں منعقد پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی)کی زرعی تحقیقی کمیٹی کے اجلاس سے آن لائن خطاب میں کہی۔

ڈاکٹر وسیم الحسن نے کہا کہ ر یسرچ اداروں کے زرعی سائنسدانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے تجربات میں نئی پیش رفت سامنے لائیں اور دیکھیں اس وقت ترقی یافتہ ممالک ریسرچ کے میدان میں کہاں کھڑے ہیں اور ہمیں کہاں ہونا چاہئیے،اس سلسلے میں وفاقی حکومت ریسرچ اداروں کو اپنی مکمل سپورٹ فراہم کرے گی، ریسرچ اداروں کے سائنسدانوں کی بین الاقوامی سطح پر جدید تربیتی پروگرامز میں تربیت سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل و سائنٹفک آفیسر عبد الرزاق چنہ،سکرنڈ نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے کپاس کی فصل 2023-24پر کی گئی تحقیقات کے نتائج پیش کئے اور آئندہ برس 2024-25کے لئے اپنے تحقیقاتی پروگرامز بھی تفصیل سے پیش کئے۔اجلاس میں پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی)کے دیگر ذیلی تحقیقاتی اداروں کاٹن ریسرچ اسٹیشنز،گھوٹکی،میرپورخاص (سندھ) لسبیلہ و سبی (بلوچستان)اورڈیرہ اسماعیل خان(خیبر پختون خواہ) کے زرعی سائنس دانوں نے آن لائن شرکت کی ،علاوہ ازیں ڈاکٹر تصور حسین ملک، ڈائریکٹر ریسرچ (پی سی سی سی)، ڈاکٹر محمد نوید افضل، ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان، سی سی آر آئی سکرنڈسے عبد الرزاق چنہ،ڈاکٹر شفقت سعید،ڈاکٹر ظہیر احمد ڈیہو،ڈاکٹر اللہ بخش،ڈاکٹر خالد عبد اللہ،ڈاکٹر سجاد حیدر، ڈاکٹر صغیر احمد،ڈاکٹر کاشف ریاض خان،ڈاکٹر ادریس ناصر، ڈاکٹر مظہر، عبد الرزاق سومرو،ڈاکٹر حافظ ممتاز،محمد حمزہ ،صوبائی اداروں کے کپاس کے زرعی ماہرین اورپرائیوٹ سیڈ سیکٹرز کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں