میونسپل کارپوریشن کی ناقص کارکردگی پر کمشنر کااظہاربرہمی

منگل 20 اگست 2019 20:05

ملتان ۔20اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) کمشنر ملتان ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن افتخار علی سہو نے میونسپل کارپوریشن کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران و اہلکاروں کی نا اہلی اور بددیانتی برداشت نہیں کی جائے گی۔افسران اپنا قبلہ درست کریں ورنہ ضلع بدر کردوں گا۔شہر میں تجاوزات،وال چاکنگ کی بھرمار،غیر فعال سٹریٹ لائٹس، غیرقانونی پارکنگ سٹینڈز میونسپل کارپوریشن کی نااہلی کا ثبوت ہے،ملتان کے لوگ محبت کرنے والے ہیںشہر کو صاف دیکھنا چاہتے ہیں، میونسپل کارپوریشن کی کارروائیوں میں ساتھ دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان نے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر افتخار سہو نے کہا کہ بغیر سرکاری منظوری کے کسی تعمیر کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایسی تمام تعمیرات کو مسمار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کمرشل سرگرمیاں بلڈنگ انسپکٹرز کی نالائقی ہے۔

بلڈنگ انسپکٹرز ہر یونین کونسل کا 5 دن بعد دورہ کریں اور رپورٹ جمع کروائیں۔ افتخار سہو نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری کئے ہوئے فنڈز دراصل عوام کا پیسہ ہے اس لئے پوری ذمہ داری سے خرچ کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ قبرستانوں کے نام، علاقے اور ریونیو ریکارڈ اور موجودہ رقبہ بارے مکمل لسٹ فراہم کی جائے۔قبرستانوں پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور تمام قبرستانوں کی چار دیواری تعمیر کی جائے۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ قبرستانوں میں جنازہ گاہ میں پانی اور روشنی کا انتظام کیا جائے۔کمشنر نے کہا کہ تمام فیلڈ سٹاف کو یونیفارم دیا جائے تاکہ میونسپل کارپوریشن کی ٹیم کارروائی کرتے ہوئے شہر میں نظر آئے۔اس طرح سول سوسائٹی ان کی کارروائیوں کو مانیٹر کر سکے گی۔ انہوں نے غیر قانونی مذبحہ خانوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا کہ سی او میونسپل کارپوریشن ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ دمدمہ میں آرٹ گیلری کی حالت دیکھ کر افسوس ہوا، اس کی تزئین و آرائش کا فوری بندوبست کیا جائے۔کمشنر ملتان افتخار سہو نے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین عوام کی خدمت کو شعار بنائیں۔ اگر ادارے درست کام کریں تو عوام کے مسائل فوری حل ہوجائیں۔ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر افسر و اہلکار کی کارکردگی چیک ہوگی اور ہر افسر اپنی برانچ کی کارکردگی کا ذمہ دار ہوگا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں