جنوبی پنجاب کے گرلز و بوائز مڈل و ہائی سکولوں میں سکول کونسل کے انتخابات

جمعرات 16 مئی 2024 18:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) جنوبی پنجاب کے 4578 گرلز و بوائز مڈل و ہائی سکولوں میں سکول کونسل کے انتخابات کروائے گئے۔ انتخابی عمل میں 10 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات ووٹرز نے شرکت کی اور صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری اور کلاس نمائندگان منتخب کیے گئے۔ سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات میں پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے 11 بجے تک رکھا گیا اور اس دوران کافی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔

سکولوں میں الیکشن کمشنرز کی طرف سے انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد طلباء و طالبات گروپ کی صورت میں جیتنے والے امیدواروں کے حق میں جوش و خروش سے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر مختلف اضلاع میں محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈی پی آئی (سکینڈری)، ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ایجوکیشن سمیت دیگر تعلیمی و انتظامی افسران مختلف سکولوں کا دورہ کر کے سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابی عمل کا جائزہ لیتے رہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے پرامن اور شفاف طریقے سے انتخابی عمل کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کو سراہا۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے مطابق سکول کی سطح پر انتخابات کے عمل میں شریک ہونا بچوں کی تربیت کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام سے طلباء و طالبات آئندہ کی باشعور اور ذمہ دار نسل ثابت ہوں گے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں