این اے 148 میں ضمنی الیکشن کے لئےملتان پولیس نے سیکورٹی پلان تیار کر لیا

جمعہ 17 مئی 2024 18:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) آر پی او کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایت پر ملتان پولیس نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی۔ترجمان پولیس کے مطابق مزکورہ حلقہ کے 275 پولنگ اسٹیشنز کی حفاظت کے لیے 3829 پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی فرائض سر انجام دیں گے،جاری کردہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

آر پی او کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان ریجن پولیس ضمنی الیکشن کے دوران مکمل غیر جانبداری کیساتھ ڈیوٹی امور سر انجام دے گی،حکومت کی جانب سے جاری کردہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی یا کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا بھی پولیس کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن آ پ کے لئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے،امید ہے افسران و اہلکار ایک منظم فورس کے فرض شناس عہدیدار کی حیثیت سے اس چیلنج کو قبول کریں گے اور اپنی ڈیوٹی میں کسی قسم کی لاپرواہی و کوتاہی نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا پولیس افسران و جوان فرائض کی بجاآوری، ایمانداری ،خوش اخلاقی اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں