ملتان میں چوری، راہ زنی اور موٹر سائیکل چوری سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب چار ملزمان گرفتار

اتوار 26 مئی 2024 21:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2024ء) ملتان تھانہ قطب پور پولیس کی کارروائیاں،چوری،راہ زنی اور موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب چار ملزمان گرفتار،چوری کے پانچ موٹر سائیکلیں، پانچ لاکھ 60 ہزار روپے نقدی اورغیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔اتوار کے روز ایس پی کینٹ جاوید طاہر مجید نے یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ قطب پور پولیس نے دو گینگز کے چار ملزمان کو گرفتار کر کےپانچ لاکھ 60 ہزار روپے نقدی، چوری کے پانچ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ24 مئی 2024 ء کو تھانہ قطب پور کے علاقہ بابو پیر چوک میں واقع میڈیکل سٹور پر تین نامعلوم مسلح افراد شاپ رابری کی واردات کر کے ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہوئے،دوران واردات ایک ملزم اپنے ہی پستول کا فائر ہونے سے زخمی ہو گیا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے،وقوعہ کی اطلاع پر تھانہ قطب پور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کی،پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے وقوعہ میں ملوث زخمی ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور ملزم کے انکشاف پر گینگ کے دیگر دو ساتھی ارکان کو بھی گرفتار کیا گیا ،ملزمان کے قبضہ سے پانچ لاکھ 60 ہزار روپے نقدی،وارداتوں میں استعمال کیے جانے والے غیر قانونی اسلحہ جس میں ایک بندوق اور ایک پستول شامل ہے برآمد ہوئے ہیں،گرفتار ملزمان تھانہ مظفر آباد اور تھانہ قطب پور میں راہ زنی ،چوری سمیت دیگر متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔

(جاری ہے)

ایس پی کینٹ جاوید طاہر مجید نے مزید بتایا کہ تھانہ قطب پور پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب ایک اور ملزم کو بھی گرفتار کیا ہے،جس کے قبضہ سے چوری کی پانچ موٹر سائیکلیں اور واردتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا ہے۔انہوں نے کہا آر پی او ملتان اور سی پی او ملتان کی ہدایات پر پولیس ٹیموں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس سے جرائم پر قابو پانے میں واضح کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں