راولپنڈی ٹریفک پولیس نے کوہ مری میں متوقع برف باری کے پیش نظر جامع ٹریفک پلان جاری

سیاحوں کی سہولت ،رش کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر 8ہزار سے زائد گاڑیوںکے داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، شام 5بجے سے صبح 5بجے تک سیاحوں کے داخلہ پرمکمل پابندی عائد

اتوار 16 جنوری 2022 19:40

مری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر ٹریفک ہیڈ کواٹر نے کوہ مری میں متوقع برف باری کے پیش نظر سیاحوں کی سہولت کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا۔سیاحوں کی سہولت اور رش کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر آٹھ ہزار سے زائد گاڑیوںکے داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

شام 5بجے سے صبح 5بجے تک سیاحوں کے داخلہ پرمکمل پابندی ہو گی ۔تمام داخلی راستوں پرقائم پکٹس ڈرائیونگ لائسنس چیک کیے جائیں گے او ر صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیور ز کو ہی جانے کی اجازت ہو گی ۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کے خصوصی احکامات پرعمل کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر ٹریفک کواٹر محمد وسیم نے کو ہ مری میں متوقع برف باری کے پیش نظر سیاحوں کی سہولت ، رش کو کنٹرول کرنے اور کسی قسم کے ہنگامی حالات نے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کر لیا جس کے مطابق ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے 268اہلکار سیاحوں کی سہولت کیلئے خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جن میں 03ڈی ایس پیز، 20انسپکٹرز،125ٹریفک وارڈنز ،100ٹریفک اسسٹنٹس اور20ضلعی پولیس کے ٹورسٹ گائیڈ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

حادثات کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر کوہ مری کے تمام ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پرخصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں جہاں سیاحوں کو مری کے راستوں کے متعلق اور برف باری کے دوران احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی پمفلٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بھی چیک کیے جائیں گے۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ مری میں تقریبا3500گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے سیاحوں کی سہولت کے لیے اضافی گاڑیوں کو سنگل سائیڈ پر پارک کروایا جاتا ہے برفباری کی صورت میں روڈ کے دونوں سائیڈوں پر برف ہونے کی وجہ سے سیاح حضرات اپنی گاڑیوں کوروڈ سائیڈ پر پارک نہ کریں تا کہ ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا نہ ہو ،دوران ڈرائیونگ روڈ پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں بنانے سے گریز کریں ،مری کی سڑکوں پر دوطرفہ ٹریفک چلتی ہے لہذا ڈبل لائن ہر گز نہ بنائیں اپنے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے ون وے کی خلاف ورزی اور غلط اوور ٹیکنگ سے گریز کریں۔

ان کا مزید کہناتھا کہ برفباری کے دوران مری آنے والے سیاح مکینکلی درست گاڑی کا انتخاب کریںجس میں کسی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں مکمل ٹول کٹ موجود ہو،اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں ، راولپنڈی پولیس کے ریڈیو اسٹیشن 88.6اور ٹریفک پولیس کے تمام آفیشل پیجز کے ذریعے شہریوں کو موسم کی شدت اور رش کے متعلق گاہے بگاہے آگاہی بھی فراہم کی جائے گی لہذا مری جانے والے سیاح موسم کی شدت اور رش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفرکا انتخاب کریں ،گاڑی میں گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ضرور رکھیں ،گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشوں کو مکمل طور پر بند نہ کریں ،برفباری کے دوران روڈ پر سلیپری ہونے کی وجہ سے گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں دوران برفباری روڈ سے برف ہٹانے والی مشینوں کو فوری راستہ دیں تا کہ روڈ سے برف ہٹا کر راستہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے سیاحوں سے بھی گزارش کی کہ شاہراہوں پر کھڑے ٹریفک و ضلعی پولیس اہلکار سخت موسمی حالات میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہوتے ہیں لہٰذا دوران ڈرائیونگ ان کے ساتھ تعاون کریں اور ان کی طرف سے دی گئی سفر ی ہدایات پر عمل کریںتا کہ آپ کے سفر کو محفوظ اور پر سکون بنایا جا سکے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں