ًیتیم ، بے سہارا اور نظر انداز بچوں کی کفالت ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سردار مسعود

مسلم معاشرے میں یتیم اور بے سہارا بچے کے وہی حقوق ہیں جو دوسرے بچوں کے ہیں،صدر آزاد کشمیر کا افطار ڈنر سے خطاب

بدھ 22 مئی 2019 22:54

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ یتیم ، بے سہارا اور نظر انداز بچوں کی کفالت اور اُنہیں مثالی تعلیم و تربیت سے آراستہ کر کے ملک کا کار آمد شہری بنانا معاشرے اور ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ مسلم معاشرے میں یتیم اور بے سہارا بچے کے وہی حقوق ہیں جو دوسرے بچوں کے ہیں اور ان میں کسی قسم کی تفاوت اور امتیاز قرآن و سنت کی تعلیمات کے منافی ہے ۔

اِن خیالات کا اظہار انہوںنے ایوان صدر مظفرآباد میں یتیم بچوں کے عالمی دن کے موقع پر یتیم اور بے سہارا بچوں کے اعزاز میںدیئے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے آزاد کشمیر کی وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواںمحترمہ نورین عارف اور پاکستان آرفن کیئر فورم کے سیکرٹری نثار احمد نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں انجمن فیض الاسلام کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر نیاز عرفان ، آرفن کیئر پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل عرفان بشیر ، الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل آفتاب عالم ایڈووکیٹ اور پاکستان آرفن کیئر فورم کے ممبر تنظیموں کی زیر سر پرستی تعلیم و تربیت پانے والے یتیم بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست تمام شہریوں کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہے اس لیے ریاست کے اندر بسنے والے یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں آزاد کشمیر کی حکومت اور ریاست کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ نہیںکرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ متمول اور صاحب حیثیت شہریوں اور سماجی اداروں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے کمزور اور بے سہارا طبقات کی بہبود ، ترقی اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے آزاد کشمیر اور پاکستان میں سینکڑوں سماجی تنظیمیں یتیم اور بے سہارا بچوں کی بہبود کے لیے کام کر رہی ہے اور ہزاروں شہری اس کام میں ان کی معاونت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے قرآن و سنت کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی مدد ، نگہداشت اور تعلیم و تربیت کی جتنی تاکید اسلام نے کی ہے شاید ہی دنیا کے کسی دوسرے مذہب نے کی ہو ۔

اُنہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے میں آزاد کشمیر کی ہزاروں خواتین بیوہ اور ہزاروں بچے یتیم ہو گئے تھے ۔ اپنے ارد گرد ان ہزاروں بچوں کی موجودگی میںہم سے زیادہ یتیمی اور بے چارگی کا دکھ سمجھنے والا دنیا میں اور کوئی نہیں ہو سکتا ۔ اُنہوں نے معاشرے کے صاحب دل افراد سے اپیل کی کہ وہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی مدد اُسی جذبے اور احساس سے کریں جس طرح وہ اپنے بچوں کی بہتری اور مستقبل کے لیے کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع ملیں تاکہ وہ معاشرے کے دوسرے بچوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی وزیر سماجی بہبود محترمہ نورین عارف نے کہا کہ یہ رمضان المبارک کی سب سے زیادہ خوبصورت محفل ہے جس میں سینکڑوں یتیم بچے اور بچیاں مسکراہٹ بکھیرنے کے لیے موجود ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا محکمہ سماجی بہبود بے سہارا بچوں اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے کئی اقدامات کر رہا ہے جس کے معاشرے میں جلد مثبت اثرات سامنے آئیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان آرفن کیئر فورم کے سیکرٹری جنرل نثار احمد نے آرفن کیئر پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فورم مختلف پروگرامات اور تقریبات کے ذریعے معاشرے کے مستحق بچوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کے لیے عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کا فریضہ انجام دے رہا ہے اور مختلف دفاعی تنظیموں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کر کے کفالت کے نظا م کو مربوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ فورم کے پلیٹ فارم سے یتیم بچوں کی کفالت کے لیے قانون سازی کی راہ ہموار کرنا اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مواقع تلاش کرنا بھی اس فورم کی اہم سر گرمیوں کا حصہ ہے ۔ اُنہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی طرف سے ہر سال پندرہ رمضان المبارک کو یوم یتیمی منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی مجالس قانون ساز سے اپیل کی کہ وہ بھی اس طرح کی قرار داد منظور کر کے خطہ کشمیر میں اس نیک مقصد کو تقویت دینے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں