زلزلہ کے نتیجہ میں ہونے والے نقصانات کا ڈیٹا بھی جمع کر لیا ہے،حکومت اپنی بساط کے مطابق متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی، راجہ فاروق حیدر خان

منگل 22 اکتوبر 2019 16:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے منگل کے روز آزاد جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری محمد یسیٰن کی طرف سے میرپور زلزلہ میں ہونے والے نقصانات اور بعدازاں ریلیف ، بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے توجہ طلب نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلہ کے بعد آزاد کشمیر کے حکومتی اداروں ، انتظامیہ ، آرمی ، غیر سرکاری تنظیموں اور اوورسیز کشمیر یوں نے انتہائی متحرک اور مثبت کر دار ادا کیا اور زلزلہ کے نتیجہ میں ہونے والے نقصانات کا ڈیٹا بھی جمع کر لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ میرپور کے موقع پرتعمیر نو کے حوالے سے ان سے بات چیت ہوئی ہے اور بحالی و تعمیر نو کے مسائل کو ان کے نوٹس میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور دیگر ذمہ داراان سے ہم نے زلزلہ کے بعد پیدا شدہ چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹنے کے لئے تجویز دی کہ تعمیر نو کے کاموں کی اونر شپ حکومت آزادکشمیر کو دی جائے جس سے انہوں نے اتفاق کیا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ زلزلہ میں قیمتی جانی نقصان ہوا اس کے علاوہ یہاں کے لوگوں نے بڑی محنت کر کے کما کر مکانات بنائے اور وہ مکانات اس زلزلہ میں تباہ ہوئے جس سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے متاثرین زلزلہ کو یقین دلایا کہ حکومت اپنی بساط کے مطابق متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔ میرپور کی تعمیر نو کریں اور بہتر طریقہ سے کریں تاکہ جلد ہی میرپور میں لوگ زندگی کے معمولات دوبارہ شروع کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائیگاکہ مستقبل میںنقصانات کو کم سے کم رکھا جاسکے ۔چوہدری محمد یسٰین نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میںمکانات کی تعمیر کے لئے مرکزی حکومت پور زور دے کر وہ متاثرہ علاقوں میں دس ہزار مکانات تعمیر کر کے دے ۔ وزیر اعظم زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا مکمل ڈیٹا تیار کرنے پر آئی ٹی بورڈ کے کام کو بھی سراہا ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں