آزادکشمیر کو جرائم سے پاک خطہ بنائیں گے،عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فراگزاشت نہیں کیا جائیگا،سردار عبدالقیوم نیازی

آزادکشمیر کے 10 بڑے شہروں میں عوام کی سہولت کے لیے خدمت مرکز بنا رہے ہیں جس سے اوور سیز کشمیریوں کو بھی سہولیات میسر ہوں گی،مظفرآباد کے علاوہ راولاکوٹ اور میر پور میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز کریں گے،وزیراعظم آزادجموں وکشمیر

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:09

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کو جرائم سے پاک خطہ بنائیں گے۔ آزادکشمیر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فراگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ آزادکشمیر کے 10 بڑے شہروں میں عوام کی سہولت کے لیے خدمت مرکز بنا رہے ہیں جس سے اوور سیز کشمیریوں کو بھی سہولیات میسر ہوں گی۔

فرانزک لیب بھی قائم کر رہے ہیں۔ مظفرآباد کے علاوہ راولاکوٹ اور میر پور میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم نے سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے گذشتہ روز آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآبادمیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پہلے سیف سٹی پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے وزیر لوکل گورنمنٹ خواجہ فاروق احمد ، انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک ، تاجر رہنماء شوکت نواز میر ، ایس ایس پی ریاض حیدر بخاری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔وزراء حکومت اظہر صادق ، چوہدری محمد اخلاق ، ظفر ملک ، ممبران اسمبلی سردار جاوید ایوب ، سید بازل علی نقوی ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، تاجروں ، اہلیان شہر کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

قبل ازیں وزیراعظم آزاکشمیر کو سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ تقریب میں وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد ، چوہدری محمد اخلاق ، اظہر صادق ، ظفر ملک ، ممبران اسمبلی سردار جاوید ایوب ، بازل علی نقوی ، تاجروں ، اہلیان شہر کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں جرائم کی روک تھام اور پرامن خطہ بنانے کے لیے آزادکشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز کر رہے ہیں۔

آزادکشمیر کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ اگلے مرحلے میں آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر بھی یہی نظام شروع کیا جائے گا۔ شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر لوکل گورنمنٹ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے آغاز پر تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

اس پراجیکٹ سے شہرمیں کرائم کی شرح کم ہو گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اس پراجیکٹ سے عوام کے لیے مزید سہولیات میسر ہوں گی۔ اس سہولت سے اوور سیز کشمیری بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے آغاز سے عوام کو تحفظ کا ایک نیااحساس ہوگااور پولیس کو بھی کام کرتے ہوئے آسانی ہوگی اور کرائم کی شرح بھی کم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ اور میر پور میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز کر رہے ہیں اور آئندہ ماہ عوام کی سہولت کے لیے خدمت مرکز کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی جب سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کرنے پہنچے تو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے وزیراعظم آزادکشمیر کو سلامی دی۔ بعدا زاں وزیراعظم آزادکشمیر کو سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ایس ایس پی مظفرآباد ریاض حیدر بخاری نے سیف سٹی پراجیکٹ کی افادیت اور اہمیت پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کشمیر پریمئر لیگ کے دوران فرائض سرانجام دینے والے آفیسران اور جوانوں میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔تقریب پولیس ٹریننگ سکول میں منعقد ہوئی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے پولیس کے جوانوں کے لیے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

تقریب میں وزرائ حکومت اظہر صادق ، دیوان علی خان چغتائی ، فہیم اختر ربانی ، نثار انصر ابدالی ، چوہدری محمد رشید ،ظفر ملک ، چوہدری محمد اخلاق ، محمد اکمل سرگالہ ،کشمیر پریمیر لیگ کے صدر عارف ملک ،سیکرٹریز حکومت ، آئی جی پولیس سہیل حبیب تاجک، سربراہان محکمہ جات، پولیس آفیسران اور کے پی ایل کے حکام بھی موجودتھے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں