مظفرآباد، مرغ فروشوں اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی مبینہ ملی بھگت

برائلر زندہ 540 روپے کلو اور برائلر گوشت 910 روپے کلو کہ الگ الگ انراخ جاری کر دیئے

جمعہ 19 اپریل 2024 22:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) مرغ فروشوں اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی مبینہ ملی بھگت۔ برائلر زندہ 540 روپے کلو اور برائلر گوشت 910 روپے کلو کہ الگ الگ انراخ جاری کر دیے۔ دیسی چوزہ زندہ ایک ہزار پچاس روپے میں فروخت کیا جانے لگا۔ مرغ فروشوں نے دیسی چوزے کا وزن کرنے سے انکار کرتے ہوئے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا وطیرہ بنا لیا۔

برائلر زندہ فروخت کرنے کے بجائے برائلر کا گوشت مہنگے داموں فروخت کرنے لگے۔اولڈ کچہری روڈ اور جیل روڈ پر قائم مرغ فروش سب پر بازی لے گئے۔ انتظامیہ نے حصہ بقدر جثہ وصول کرنے کے بعد آنکھیں کان بند کرتے ہوئے منہ پر قفل لگا لیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عید الفطر کے موقع پر عوام کو جی بھر کر لوٹنے کے بعد بھی مرغ فروشوں کی لالچ ختم نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

دیسی چوزہ ایک ہزار پچا روپے میں بغیر وزن کے فروخت کرنے سمیت برائلر چوزہ دینے کے بجائے برائلر گوشت فروخت کرنے لگے۔ سونے پر سہاگہ پرائز کنٹرول کمیٹی نے بھی دیسی چوزے کی قیمت مقرر کرنے کے بجائے برائلر کی قیمت الگ سے اور برائلر گوشت کی قیمت الگ سے جاری کر دی۔ برائلر چوزہ 540 روپے جبکہ برائلر گوشت 910 روپے کے نرخ جاری کر دیے گئے۔ مرغ فروشوں نے برائلر چوزہ فروخت کرنے کے بجائے برائلر گوشت فروخت کرنا شروع کر دیا جس کی وجہ سے مرغ عام غریب لوگوں کی دسترس سے کوسوں دور ہو چکا ہے۔

دوسری جانب بیماروں/مریضوں کے لیے یخنی بنانے کے لیے دیسی چوزہ خریدنے کے لیے جانے والے خالی ہاتھ گھر لوٹنے پر مجبور ہو چکے ہیں کیونکہ پاؤ بھر کا دیسی چوزہ ایک ہزار پچاس روپے میں مرغ فروش فروخت کر رہے ہیں۔ مرغ فروشوں کا کہنا ہے کہ دیسی چوزے تو دستیاب ہی نہیں اس لیے ہم صرف جوڑا ہی فروخت کرتے ہیں جو کہ 1600 روپے میں دیتے ہیں۔ عوامی حلقوں سمیت سول سوسائٹی و دیگر سیاسی سماجی مذہبی تجارتی لوگوں نے کہا ہے کہ انتظامیہ اور مرغ فروشوں کی باہمی ملی بھگت کی وجہ سے لوگ مرغ کھانے سے محروم ہو چکے ہیں۔

باعث مجبوری جن لوگوں کو مرغ کی اشد ضرورت ہوتی ہے وہ مہنگے داموں مرغ خریدنے پر مجبور ہیں۔ اب تو مرغ دستیاب ہی نہیں صرف گوشت دستیاب ہوتا ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائز کنٹرول کمیٹی اور مرغ فروشوں کی باہمی ملی بھگت کے بعد جاری ہونے والے نرخ نامے کا نوٹس لیا جائے جس میں برائلر زندہ 540 جبکہ برائلر کا گوشت 910 روپے میں فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں