مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے،محترمہ خولہ خان

جمعرات 2 مئی 2024 16:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) چیئرپرسن خان آف منگ فاؤنڈیشن محترمہ خولہ خان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوتوا غنڈوں کی طرف سے مسجدوں،قرآن پاک اور درسگاہوں کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں کشمیریوں کے لئے ناقابل قبول ہیں اور وہ ان کا بھرپور عزم کے ساتھ مزاحمت کریں گے،نریندر مودی کی ہندوتوا بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے ذریعے یہاں کی صورتحال کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنا چاہتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر ہونے کے اپنے بے بنیاد دعوؤں کو تقویت دینا چاہتی ہے انھوں نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے بل بوتے پر مقبوضہ جموں وکشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے اور اس نے علاقے میں دس لاکھ سے زائد فوجی اہلکاران تعینات کر کے انہیں نہتے لوگوں پر ہر طرح کا ظلم وستم روا رکھنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے انھوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کا مسلم دشمن ایجنڈا پوری دنیا کو معلوم ہے نریندر مودی دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکا ہے کشمیری قوم متحد ومنظم ہے کشمیری اس طرح کی کٹھ پتلیوں کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداء کے مقدس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں