میڈیکل کالجز کے ایشو فوری یکسو کیے جائیں فنڈز کی دستیابی کا کوئی مسئلہ نہیں ،قائم مقام وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق کی محکمہ صحت کو ہدایت

بدھ 18 اپریل 2018 21:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) قائم مقام وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری طارق فاروق نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ میڈیکل کالجز کے ایشو فوری یکسو کیے جائیں فنڈز کی دستیابی کا کوئی مسئلہ نہیں میڈیکل کالجز کی ایڈمنسٹریشن ’’پرو ایکٹیو ‘‘ ہوکر ہاسٹلز کی تعمیر ،ضرورت کے مطابق ملازمین رکھنے اور اضافی اخراجات کو کم کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کرے ۔

میرپور میڈیکل کالج کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مالی وسائل مہیا کر دیے گئے ہیں ۔ وہ بدھ کے روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں میرپور میڈیکل کالج کے ایشوز کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین ، سیکرٹری مالیات فرید تارڑ ، سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ خواجہ احسن ،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعظم احسان خالد کیانی پرنسپل مظفرآباد میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سروش خان ، پرنسپل بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل میرپور پروفیسر ڈاکٹر عمران اعظم ، چیف اکنامسٹ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات طاہر محمود چوہدری اور دیگر آفیسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میرپور میڈیکل کالج کے سٹاف کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کالج میں رکے ہوئے سول ورک کے مسائل پیش کئے گئے جس پر وزیر صحت نے قائم مقام وزیر اعظم کو بتایا کہ یہ مسائل یکسو ہوگئے ہیں ، میرپور میڈکل کالج کے سٹاف کی تنخواہوں کے لئے 18کروڑ روپے درکار تھے جو 9.3کروڑ روپے حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے جبکہ 8کروڑ روپے مظفرآباد میڈیکل کالج بطور قرضہ (قابل واپسی) دے گااور یہ تمام انتظامات 30اپریل تک ہو جائیں گی جبکہ کالج میں سول ورک کے حوالے سے وزیر صحت نے اجلاس کو بتایا کہ اس کے لیے بھی بندوبست کیا جارہا ہے ۔

وزیر صحت نے پرنسپل میڈیکل کالج میرپور کو ہدایت کی کہ وہ کالج میں سول ورک کی رفتار اور معیار پر نظر رکھیں اور کالج کے اندر ہاسٹلز کی تعمیر کو جلد ازجلد یقینی بنائیں ۔ قائم مقام وزیر اعظم چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد خطہ کے اندر تعلیمی سہولیات اور معیار کو مزید اونچاکرنے کے لئے بھرپور فنڈز فراہم کررہی ہے ۔

پونے دوسال کے مختصر عرصہ میں موجودہ حکومت نے تمام ضلعی ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز شروع کرنے کے ساتھ ساتھ ہزاروں اسامیوں بھی تخلیق کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحت کے شعبہ میں صرف ایک سال میں جو کام کیا ہے وہ ماضی کی حکومتیں 10سال میں بھی نہیں کر سکی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی بجٹ میں اضافے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ خطہ کے اندر ترقی کا عمل مزید تیز کیا جاسکے ۔ سیکرٹری صحت میجر جنرل خالد اسد نے اجلاس کو بتایا کہ میڈیکل کالجز کی انتظامیہ بڑی محنت اور لگن سے خدمات سرانجام دے رہی ہے کالجز کو بتا دیا ہے کہ فنڈز کی فراہمی کوئی مسئلہ نہیں آپ پوری دلچسپی لے کر کام کریں

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں