قانون کی حکمرانی مستحکم ودیر پاترقی کا بنیادی جز ہے‘امن و ا مان کے قیام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حکومت اور سکیورٹی اداروں نے 80 فیصد دہشت گردی کے واقعات پر قابوپا لیا ہے ،باقی ماندہ 20 فیصد واقعات پر جلد قابو پا لیا جائیگا‘وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کاننکانہ بارایسوسی ایشن سے خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 18:41

ننکانہ صا حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء)وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ قانون کی مکمل حکمرانی دیرپا اور مستحکم ترقی کا بنیادی جز ہے، حکومت اور سکیورٹی اداروں نے 80 فیصد دہشت گردی کے واقعات پر قابوپا لیا ہے او رباقی ماندہ 20 فیصد واقعات پر بھی جلد قابو پا لیا جائے گا ۔ وہ ضلع ننکانہ میں ننکانہ بارایسوسی ایشن سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوںنے کہا کہ انصا ف اور قانون کی حکمرانی ہی ایسا ستون ہوتا ہے جس پر کسی تہذیب او ر معاشرے کی تعمیر ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مذہب نے انصاف کی فراہمی پر بھرپور زور دیاہے اور حکم دیا ہے کہ کسی قوم کی عداوت تم کو نہ انصافی پر مجبور نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین کے تقدس کی حفاظت میں بار اوربینچ کا بڑا اہم اور کلیدی کردار ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وکلاء برادری آئین کے تحفظ کے بنیادی سپاہی ہیں اور ماضی قریب میں انہوں نے آمریت کے خلاف کامیاب جدوجہد سے یہ ثابت کیا کہ وہ آئین اور قانون کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ۔انہوںنے کہا کہ قانون کی حکمرانی میں ننکانہ بار کی خدمات قابل قدر ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول پر انصاف کی فراہمی کے لیے بار اور بینچ کو مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بنیادی حقوق اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی پاسداری میں موجود ہ حکومت کا بڑا اہم کردار ہے ۔انہوںنے کہا کہ ساڑھے تین سال کی کامیابیوں کی بنیادی وجہ محمدنواز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں قانون کی حکمرانی اورمیرٹ کی پاسداری ہے۔انہوںنے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے باعث آج حکومت کے خلاف کوئی کرپشن کا سیکنڈل سامنے نہیں آیااور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملک کو درپیش بڑے تمام چیلنجززپر بھرپور طریقے سے قابو پایا ہے۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ ملک میں مکمل اوردیر پاامن کے قیام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا ماضی میں بھی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیشہ جرات مندانہ فیصلے کیے اور آئندہ بھی ملک کے امن اور استحکام کو اولین ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور سکیورٹی اداروں نے 80 فیصد دہشت گردی کے واقعات پر قابوپا لیا ہے او رباقی ماندہ 20 فیصد واقعات پر بھی جلد قابو پا لیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ سے ڈی ریل کرنے کے دُشمن کے تمام حربے ناکام ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ یہ دُشمن کی بھول ہے کہ دہشت گردی جیسے اوچھے ہتھکنڈوں سے وہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں کی حمایت سے دستبرار کر سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی تمام تر سیاسی ،سفارتی واخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا ضامن، پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے تمام تر اقدامات جاری رکھے جائے گے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں