شہر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے، ایس ایچ او

منگل 6 اکتوبر 2020 16:43

ڈیرہ مرادجمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2020ء) : ایس ایچ او سٹی ڈیرہ مراد جمالی سکندر سعید عمرانی نے کہا ہے کہ سٹی میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کو مزید سخت کردیا گیا ہے ،جرائم پیشہ عناصر اشتہاری و مفرور ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا عمل جاری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ،ایس ایچ او سٹی سکندر سعید عمرانی نے کہاکہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نصیرآباد رینج شہاب عظیم لہڑی اور ایس ایس پی نصیرآباد عبدالحئی عامر بلوچ کی خصوصی ہدایات و ٹاسک پر ایس ڈی پی او سرکل ڈیرہ مراد جمالی ملک عبدالغفار سیلاچی کی سربراہی میں اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے پولیس اپنی بہتر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی فریادی کی جائز شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے کسی کے ساتھ کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس گشت میں اضافہ کے ساتھ تھانہ کے مختلف ناکہ جات پر تعینات پولیس آفیسران و اہلکاران کی حاضریوں کو یقینی بنایا گیا ہے فرائض میں غفلت و لاپرواہی اور غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی برقراری کے لئے جرائم پیشہ عناصر مشکوک افراد اور مشکوک موٹرسائیکل پر کڑی نظر رکھتے ہوئے پولیس کے ساتھ اپنے تعاون کو جاری رکھیں کیونکہ قیام امن ہم سب کی ضرورت ہے۔

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں