زراعت ولائیوسٹاک کی ترقی نگران صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، نگران صوبائی وزیر زراعت

بدھ 5 اپریل 2023 17:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2023ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر زراعت و لائیو سٹاک عبدالحلیم قصوریہ نے کہا ہے کہ زراعت و لائیو سٹاک پر اگر خصوصی توجہ دی جائے تو اس کا معیشت پر کافی اچھا اثر پڑے گا، زراعت ولائیوسٹاک کسی بھی ملک کی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کے خاتمے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت لائیو سٹاک وفشریر کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، محکمے کے تمام ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

نگران صوبائی وزیر کو ویٹرنری اسسٹنٹس کے انسٹیٹیوٹ کا قیام، صوبے کے مختلف اضلاع میں لائیوسٹاک ریسرچ لیبارٹریز کے قیام، محکمہ ماہی پروری کی ترقیاتی سکیموں کے لئے مختلف منصوبے اورواٹر منیجمنٹ سمیت مختلف منصوبوں کے علاوہ پانی کے بچاؤ کے لیے پشتہ جات، سوئل کنزرویشن بارانی پانی کو محفوظ کرنے اور اسے زرعی زمینوں کے استعمال میں لانے کے لیے منصوبے، ڈیرہ اسماعیل خان میں کھجور کے پودے لگانے، صوبے بھر میں بیج اور کھاد کی فراہمی جبکہ ضم قبائلی اضلاع میں زیتون کی کاشت کی ترقی کیلئے اقدامات، پنجاب حکومت کی طرح خیبر پختونخوا میں سبزی اور فروٹ کو بیمہ کرنے، خواتین کے لیے اے ٹی آئی میں ہاسٹل کا قیام، کوآپریٹو بینک کی بحالی اور دستکاری سنٹر کے قیام کے ساتھ دیگر اہم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر نگران صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ کاشتکاروں اور مویشی پال زمینداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے کیونکہ دیہاتوں میں زیادہ تر لوگوں کا روزگار زراعت ولائیو سٹاک سے وابستہ ہے کم وقت میں لوگوں کوذیاد فائدہ پہنچایا، نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ اگر زراعت ولائیوسٹاک کے شعبوں پر خاص توجہ دی جائے تو معیشت پر بہت اچھا اثر پڑے گا اور اس سے معیشت مضبوط ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں