ْسیلز ٹیکس آن سروسز کی عدم ادائیگی، کیپرا کا ٹیکس نادہندہ ریسٹورانٹس کے خلاف کریک ڈاؤن

پشاور کے دو بڑے ریسٹورانٹس کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا

جمعرات 2 مئی 2024 21:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی(کیپرا) فوزیہ اقبال کی ہدایات پر یونیورسٹی روڈ پر واقع دو بڑے ریسٹورانٹس پر کیپرا کی ٹیم کی چھاپے، ٹیکس کی عدم ادائیگی پر دونوں ریسٹورانٹس کا ریکارڈ سرکاری تحویل میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق کیپرا کے اسسٹنٹ کلکٹر خالد منصور،اسسٹنٹ کلکٹر روح اللہ خان، اسسٹنٹ کلکٹر شاہنواز خان اور انسپکٹرز پر مشتمل ٹیم نے جمعرات کے روز سیلز ٹیکس آن سروسز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی روڈ پر واقع حبیبی ریسٹورانٹ اور دم پخ خوراک کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کے دوران دونوں ریسٹورانٹس کا ریکارڈ سرکاری تحویل میں لے لیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور کے متعدد ہوٹل اور ریسٹورانٹس کی جانب سے ٹیکسز کی عدم ادائیگی سامنے آرہی ہے جبکہ کیپرا کی جانب سے ان کو متعدد بار نوٹسز بھی جاری کیے ہیں تاہم ان کی جانب سے کسی قسم کی مثبت پیشرفت سامنے نہیں آئی جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی انتظامیہ مجبور ہے کہ ان کے خلاف سخت اقدامات لے۔

(جاری ہے)

ڈی جی کیپرا کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کی جانب سے ٹیکس کی عدم ادائیگی اور ٹیکس چوری میں ملوث تمام ریسٹورانٹس اور ہوٹلوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے تمام ریسٹورانٹس اور ہوٹل جو کہ ٹیکس کی چوری یا ٹیکس کی عدم ادائیگی میں ملوث ہیں ان کا ریکارڈ سرکاری تحویل میںلیا جائے گا اور ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ ایسے ریسٹورانٹس اور ہوٹلوں کو سیل کیا جائے گا اور مالکان کے بینک اکاؤنٹس بند کیے جائیں گے۔

ٹیکس کی عدم ادائیگی یا ٹیکس چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ٹیکس نادہندگان کے خلاف کیپرا کے قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ ان ریسٹورانٹس کو کیپرا کے قوانین و ضوابط کے مطابق متعدد بار نوٹسز جاری کئے گئے تھے اور ان کو اپنا ریکارڈ کیپرا کے عملے کے پاس جمع کرانے کا کہا گیا تھا لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا تھا جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں