اعلیٰ اقسام کی اجناس پیدا کرنے کیلئے غیر معیاری کھاد اور کیڑے مار ادویات کی روک تھام یقینی بنائیں، نگران وزیر زراعت کی متعلقہ افسران کو ہدایت

منگل 6 جون 2023 23:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2023ء) خیبر پختونخوا کےنگران وزیر زراعت و لائیو سٹاک عبد الحلیم قصوریہ نے متعلقہ افسران کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں غیر معیاری کھاد اور کیڑے مار ادویات کا سدباب کرنے کے لیے بازاروں میں اس کے ڈیلرز کے خلاف کارروائیاں کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اعلیٰ اقسام کی اجناس پیدا کرنے کے لیے محکمہ زراعت کو ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے چاہیئں جو زیادہ پیداوار فراہم کرنے کے حامل ہوں۔

انہوں نے منگل کومحکمہ زراعت کے توسیع کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں زراعت کے شعبے سے وابستہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بازاروں میں غیر معیاری بیج فروخت کرنے اور غیر معیاری کھاد کی فروخت پر خاص نظر رکھی جائے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بازاروں میں غیر معیاری کیڑے مار ادویات کی دستیابی کا قلع قمع کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر زراعت نے محکمہ کے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کریں اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے زمینداروں کی آگاہی اور منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر جان محمد،ڈی جی زراعت ضم اضلاع ڈاکٹر مراد خان اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں