ارشد ایوب خان سے ولج کونسل، نیبرہڈ کونسل اور تحصیل میئر کی ملاقات

صوبائی حکومت نچلی سطح پر اختیارات کی تقسیم کے حق میں ہے،خیبر پختونخواوزیر برائے لوکل گورنمنٹ

جمعرات 2 مئی 2024 22:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) خیبر پختونخواوزیر برائے لوکل گورنمنٹ ارشد ایوب خان سے ولج کونسل، نیبرہڈ کونسل اور تحصیل میئر نے ملاقات کی اور اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا،صوبائی وزیر کی یقین دہانی پر ولج کونسل، نیبرہڈ کونسل اورتحصیل چئیرمین نے اپنا احتجاج دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردیا۔ ولج کونسل، نیبرہڈ کونسل اورتحصیل چئیرمینزنے صوبائی وزیر کے سامنے اپنے مطالبات رکھے کہ رولز آف بزنس میں ترمیم کی جائے اور ان کے فنڈز بحال کئے جائیں جس سے وہ دفتری امور سمیت روز مرا کے معاملات چلا سکیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا چاہتے ہیں کہ بلدیاتی نمائندوں کے مسائل حل ہوں، اسی لئے مسائل کے حل کی خاطر مشاورت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ سے تمام صوبے میں ولج کونسل اور نیبرہوڈ کونسل میں فنڈز کی مساوی تقسیم کے لیے رابطہ کیاجائے گا اور اس دفعہ آپریشنل اور ترقیاتی فنڈز دیے جائیں گے۔ ارشد ایوب نے کہا کہ ڈویلپمنٹ گرانٹس کے لئے ایگزیکٹو سمری کابینہ کی منظوری کے لئے بھیج دی ہے،رولز آف بزنس میں بھی مشاورت سے ترامیم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نچلی سطح پر اختیارات کی تقسیم کے حق میں ہے، انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ لوکل گورنمٹ نظام کو دوبارہ سے فعال کریں گے اور تمام مسائل حل کریں گے۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے بلدیاتی نمائندوں کی ملاقات کروائیں گے اور تمام مسائل کے حل کے لئے فریم ورک طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہوگا۔ لوکل باڈیز کے مسائل کو حل کر کے ہمیں فائدہ ہوگا اور ہم مزید کاموں پر توجہ دے سکیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں