حکومت سولر اور گرین انرجی سیکٹر کی ترقی کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کے اجراء سے اقدامات کرے، سرحد چیمبر کا مطالبہ

منگل 23 اپریل 2024 22:07

ؑپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سولر اور گرین انرجی سیکٹر کی ترقی کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کے اجراء سے اقدامات کرے جو کہ پاکستان کی بڑھتی انرجی کی ضروریات کو پورا کرنے کا واحد راستہ ہے جس سے نہ صرف ماحول کوصاف ستھرا رکھنے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا سولر کے کاروبار اور صنعتوں کے قیام سے لوگوں کوزیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

ان خیالات کا انہوں نے گذشتہ روز پیٹرن ان چیف گرین وینڈانرجی پروفیسر ایم سبحان قریشی اور چیف ٹیکنیکل آفیسر سعد رشید سے چیمبرہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدرثناء اللہ خان ،ْ نائب صدر اعجاز خان آفریدی اور قائمقام سیکرٹری جنرل مقتصد احسان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران گرین وینڈ انرجی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر سبحان قریشی نے سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق ،ْ دیگر عہدیداران اور ممبران کو ادارے کے زیر اہتمام ہونے والی1اور 2 جون کوانٹرنیشنل سولر ایکسپو2024ئمیں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے گرین وینڈ انرجی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کانفرنس میں بھرپور شرکت کے ساتھ ساتھ ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی ہے ۔سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ صورتحال کے تناظر میں سولر اور گرین انرجی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے مرکزی اور خیبر پختونخوا کی حکومت پرزور دیا ہے کہ وہ اس سیکٹر کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائیں کیونکہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے یہی واحد حل ہے اس لئے حکومت سولر اور گرینڈ انرجی کی ترقی اور سیکٹر کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات اٹھائے ۔

سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کہا کہ حکومت ٹریننگ اداروں میں سولر کے حوالے سے نوجوانوں ،ْ انجینئرز اور ٹیکسیشن کے لئے خصوصی تربیتی پروگرامز شروع کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے تاکہ ان کے ہاتھوں میں سولر کے حوالے سے ہنر آئے گا اور جلد ہی برسر روزگارہوں گے۔ انہوں نے سولراورگرین انرجی سے جڑی صنعتوں ،ْ کاروبار کی ترقی کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

ملاقات میں بتایا گیا ہے سولر اور گرین انرجی سیکٹر کے فروغ کے لئے جرمنی اور امریکہ کے ساتھ بھی باہمی رابطے قائم کئے گئے ہیں جس کے ذریعے نوجوانوں کو سیکٹر کے حوالے سے تربیتی و مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے ۔ سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق کا کہنا تھا کہ وہ سولر اور گرین انرجی سیکٹر کی ترقی کے لئے امریکن مشن سے بات کریں گے تاکہ مالیاتی / امدادی ادارے اس اہم سیکٹر کے لئے خصوصی فنڈز مختص کریں۔ ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ سولر اور گرین انرجی سیکٹر کے فروغ کے لئے ترقی کے ساتھ بھی باہمی تعاون اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ترکیہ کے ساتھ کئے گئے ہیں اور اس دو طرفہ تعاون سے بھرپور انداز میں استفادہ حاصل اور وفود کے تبادلے کرنے پر زور دیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں