زرعی یونیورسٹی کو اپنی تعلیم و تحقیق سے صوبہ کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہو گا،گورنر خیبرپختونخوا کا یونیورسٹی کے 12 ویں سینیٹ کے اجلاس سے خطاب

منگل 21 مئی 2024 16:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2024ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی کا زرعی تحقیق میں کردار اہمیت کاحامل ہے، یونیورسٹی کو اپنی تعلیم و تحقیق سے صوبہ کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہو گا،طلبا کو موجودہ دور کے مطابق تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیرصدارت زرعی یونیورسٹی پشاور کے 12ویں سینٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت میجر(ر) محمد سجاد بارکوال، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہر ارشاد، محکمہ اعلٰی تعلیم،محکمہ زراعت، محکمہ خزانہ و اسٹیبلشمنٹ کے افسران، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے سمیت سینٹ کے دیگر اراکین اور متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کی بطور پروفیسر پرسنل گریڈ 22 میں ترقی کی متفقہ منظوری دی گئی اوریونیورسٹی سنڈیکیٹ کی کمیٹی کی جانب سے یونیورسٹی قوانین میں مجوزہ ترامیم کا ایجنڈا سینٹ کی سب کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا جبکہ کمیٹی مجوزہ ترامیم سے متعلق رپورٹ 25 جون تک سینٹ کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے 6 TTS پروفیسرز کو ٹینورشپ ایوارڈ کرنے کے ایجنڈے اورساتویں سینٹ اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی گئی جبکہ یونیورسٹی کے سالانہ پلان ورک 24 ۔ 2023 کو یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ کےمطابق نظرثانی کیلئے سینٹ کی سب کمیٹی کے سپردکردیاگیا اوریونیورسٹی کے موجودہ اور سابقہ دو وائس چانسلرز کو بطور ایمیرٹس پروفیسر کا درجہ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ زرعی خودکفالت میں زرعی یونیورسٹی، کو جدید تحقیق پر خصوصی توجہ دینی ہوگی، زرعی یونیورسٹی کی ترقی و خوشحالی میری اولین ترجیح ہے جس کیلئے دن رات کوشاں ہیں،زرعی یونیورسٹی کا شمار اسے خطے میں ہی نہیں بلکہ پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے جہاں سے طلباء مختلف شعبہ جات میں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہورہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں