امن کمیٹی کے سربراہ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان گرفتار

اتوار 20 جنوری 2019 15:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) پشاور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امن کمیٹی کے سربراہ کو ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں نشانہ بنانے والے واقعہ میں ملوث 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ دو عدد نائن ایم ایم پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلیا گیا ہے دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران امن کمیٹی کے سربراہ ملک میر عالم کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کا اعتراف کر لیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع خیبر تحصیل باڑہ سے تعلق رکھنے والے امن کمیٹی کے سربراہ ملک میر عالم سکنہ حال سفید ڈھیری جو گزشتہ روزاپنی گاڑی LOB-6071 میں باڑہ جا رہے تھے اس دوران دو نامعلوم موٹر سائیکل سوارٹارگٹ کلرز نے اچنیی خوڑکے قریب ان کو نشانہ بنایا جس سے امن کمیٹی کا سربراہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، اطلاع ملنے پر پولیس کرائم سین یونٹ ٹیم بھی موقع پر پہنچ کر موقع سے شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیئے جس کے دوران جائے وقوعہ سے خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکھٹے کر لئے گئے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے فورا بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتار ی کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیااور شہر کے تمام داخلی خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیاں کرتے ہوئے واردات میں ملوث موٹر سائیکل سوار ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کر دیں اس دوران حیات آباد میں ڈیوٹی پر موجود سٹی پٹرولنگ موبائل یونٹ نے دو مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر موٹر سائیکل سواروں نے رکنے کی بجائے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس ٹیم نے تعاقب کرتے ہوئے دونوں موٹر سائیکل سواروں کو قابو کر لیااور ان کی تلاشی لینے پر ان کے قبضہ سے دو عدد نائن ایم ایم پستول برآمد کر لئے موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک سمجھتے ہوئے حراست میں لے کر سربند پولیس کے حوالہ کر دیا گیاجہاں دونوں ملزمان کی شناخت ساجد ولد دولت زئی قوم سپاہ اور کامران ولد عبدالمتین قوم شلوبر ساکنان باڑہ حال سفید ڈھیری کے ناموں سے ہوئی ، جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران امن کمیٹی کے سربراہ ملک میر عالم کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کا اعتراف کر تے ہوئے دو دن قبل بھی ملک میر عالم پرناکام حملہ کرنے کا انکشاف کیا ہے ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے انٹاروگیشن ٹیم کے حوالہ کرتے ہوئے اس سے مزید تفتش کا عمل جاری ہے جن سے مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں