گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان کا ورسک پمپ ہائوس جمرودضلع خیبرکا مشترکہ دورہ

اوچ نہر میں پانی کی ترسیل سے مضافاتی علاقے کوہ دامان میں ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی: گورنر، وزیر اعلی

بدھ 23 اکتوبر 2019 21:25

گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان کا ورسک پمپ ہائوس جمرودضلع خیبرکا مشترکہ دورہ
پشاور۔23اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ورسک پمپ ہاوئس جمرودضلع خیبرکا دورہ کیا جہاں انہوں نے ورسک کینال ری موڈلنگ منصوبے کا معائنہ کیا اور کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔گورنر اور وزیر اعلی نے منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اوچ نہر کو پانی کی فراہمی کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

منصوبے کی تکمیل سے اوچ نہر کو پانی کی ترسیل کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا جس سے پشاور کے مضافاتی علاقے کوہ دامان میں ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی، منصوبے سے ورسک کینال کے مجموعی سسٹم کا معیار بھی بلند ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے ورسک پمپ ہاؤس جمرود کا مشترکہ معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

رہنماؤں کو اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے ورسک کینال سسٹم کی ری موڈلنگ کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیاکہ منصوبے کی مجموعی لاگت 11137.58 ملین روپے ہے۔

جبکہ موجودہ پمپ ہاؤس کی اپگریڈیشن پر 1486.02 روپے خرچ ہونگے، جس کی تکمیل سے پانی کا اخراج 290 کیوسک تک بڑھ جائے گا۔ 99 کلومیٹر طویل ورسک گریویٹی کینال کا تخمینہ لاگت 4368.36 ملین روپے جبکہ ورسک لفٹ کینال کی لاگت کا تخمینہ 1018.67 ملین روپے ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک اس منصوبے کا45 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، آئندہ مارچ تک پمپس / موٹرز کی تنصیب کے بعد اوچ نہر میںپانی کی ترسیل شروع ہوجائیگی۔

گورنر اور وزیراعلیٰ نے ورسک کینال ری ماڈلنگ منصوبے کی ضرورت و افادیت سے اتفاق کیا اور منصوبے کی تیزرفتار تکمیل پر زور دیا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے اوچ نہر میں نہ صرف پانی کی فراہمی ممکن ہو جائے گی بلکہ کوہ دامان اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا بلکہ پشاور میں نہری نظام کو تقویت دینے میں بھی مدد ملے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں