سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے یوم آزادی کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا

ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائینگے‘ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں‘چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل

جمعرات 13 اگست 2020 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے یوم آزادی کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ماضی کی طرح امسال بھی چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل نے یوم آزادی کیلئے ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے ایک منظم ٹریفک پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت پشاور میں ٹریفک کنٹرول کرنے اور ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے 2ایس پیز‘ 7ڈی ایس پیز، 7 انسپکٹرز، 803 ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک وارڈنز سمیت دیگر نفری ڈیوٹی سر انجام دے گی اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں 54 رائیڈرز اور 16 فورک لفٹرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جو شہر میں ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے اور رش کو کنٹرول کرنے کیلئے موقع پر صلاحیتیں بروئے کارلائے گی۔

واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے سے شہریوں کو ون ویلنگ کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی دینے کا بھی سلسلہ جاری ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تیز آواز والے سائلنسر کے استعمال سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور یوم آزادی کے موقع پر ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے تمام تر سہولیات و صلاحیتیں بروئے کار لائے گی تاہم شہری بھی غلط پارکنگ اور ٹریفک نظام میں خلل ڈالنے سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو یوم آزادی کے موقع پر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہری یوم آزادی کے موقع پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور ان کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے‘ ون ویلنگ کرنے اور تیز آواز والے سائلنسر لگانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں