خیبرپختونخواہ حکومت نے بجلی چوری معاملے پر وفاق سے بات چیت کیلئے آمادگی ظاہر کر دی

ہم وفاق سے بات چیت کیلئے تیار ہیں،بجلی چوری وفاقی حکومت کی نااہلی ہے، وفاقی وزیرکااپنی نااہلی چھپانے کیلئے خیبرپختونخواہ حکومت پر الزم لگانا غیر مناسب ہے،بیرسٹر سیف

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 اپریل 2024 15:11

خیبرپختونخواہ حکومت نے بجلی چوری معاملے پر وفاق سے بات چیت کیلئے آمادگی ظاہر کر دی
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل2024 ء) خیبرپختونخواہ حکومت نے بجلی چوری معاملے پر وفاق سے بات چیت کیلئے آمادگی ظاہر کر دی اس سلسلے میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیر سٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری کے معاملے پر ہم وفاق سے بات چیت کیلئے تیار ہیں،بجلی چوری وفاقی حکومت کی نااہلی ہے، وفاقی وزیر کا اپنی نااہلی چھپانے کیلئے خیبرپختونخواہ حکومت پر الزم لگانا غیر مناسب ہے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخواہ پہلے ہی تجویز دے چکے ہیں کہ ہمارے بقایات بجلی بلز میں ایڈجسٹ کئے جائیں، بجلی کی چوری ختم کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کوا پنی ذمے داریوں کا پتہ ہی نہیں، بجلی کے خالص منافع کی مد میں بقایاجات ادائیگی کے بجائے ہم پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کو خط لکھ کر بجلی چوری روکنے سے متعلق اقدامات پرملاقات کیلئے وقت مانگ ہے۔وفاقی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی چوری روکنے، نقصانات کم اور ریکوریز میں بہتری کیلئے ملک گیر مہم شروع کی ہے، مہم کی کامیابی کا دارومدار صوبائی حکومتوں کے تعاون پر منحصر ہے، نقصانات نے پاور سیکٹر کی پائیداری پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔

اویس لغاری کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری روکنے کیلئے پولیس کی مدد فراہم کی جائے، پولیس کی مدد سے خیبرپختونخوا میں بجلی چوری کیخلاف مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے، پولیس کے تعاون کیلئے آپ سے ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کرتا ہوں۔ ٹیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں کمزور حکومتی عملداری کا چیلنج درپیش ہے۔ خیبرپختونخواہ میں آپریٹ کرنے والی پیسکو اور ٹیسکو خراب کارکردگی والی ڈسکوز میں شامل ہیں۔ممکنہ حل میں ٹیسکو کے علاقوں میں ریکوری کیلئے صوبائی حکومت جامع پلان مرتب کرے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں