اسحاق ڈار کی نائب وزیراعظم تعیناتی کیخلاف درخواست پر دلائل طلب مزیدسماعت16مئی تک ملتوی

آئین کے آرٹیکل 90,91 اور 99 میں ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے کی کوئی گنجائش نہیں ہے،درخواست گزار کا موقف

جمعہ 3 مئی 2024 17:53

اسحاق ڈار کی نائب وزیراعظم تعیناتی کیخلاف درخواست پر دلائل طلب مزیدسماعت16مئی تک ملتوی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) سندھ ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر درخواست گزار سے دلائل اور سپریم کورٹ کا حکم نامہ طلب کرلیاہے۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تعیناتی کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار طارق منصور ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ آئین میں نائب وزیراعظم کا کوئی عہدہ موجود نہیں ہے۔آئین کے آرٹیکل 90,91 اور 99 میں ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ وفاقی حکومت کے رولز آف بزنس 1973 میں بھی ایسی کوئی گنجائش نہیں۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں طے کردیا ہے کہ کابینہ صرف وزیراعظم اوروفاقی وزرا پر مشتمل ہوگی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی بھی نائب وزیراعظم تعینات ہوئے تھے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا اس حوالے سے سپریم کورٹ کے آرڈر بھی موجود ہیں۔سپریم کورٹ اور دیگر آرڈر پیش کرنے کے لئے مہلت دی جائے۔عدالت نے سپریم کورٹ اور دیگر کے آرڈرد پیش کرنے کے لئے درخواست گزار کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں