جموں و کشمیر میں بھارت کے بڑھتے مظالم خطہ کے امن کیلئے خطرہ ہیں، قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا

جمعرات 27 اکتوبر 2022 16:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2022ء) قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بڑھتے مظالم خطہ کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے یو م سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے لئے اپنے ایک پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر1947کو بھارت نے طاقت کے زور پر جموں و کشمیر پر قبضہ کیا اور کشمیری عوام کوتشدد کا نشانہ بنایا لیکن کئی دہائیاں گزر نے کے بعد بھی مظلوم کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کا سلسلہ ختم نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے مظالم سے کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت کے حصول اور آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کر سکتا۔قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستانی عوام بھارتی مظالم کے خلاف شروع دن سے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے اورپاکستان ہمیشہ کی طرح ہر محاذ پر کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جموں و کشمیر میں مظالم،کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں جیسے انسانیت دشمن اقدامات دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔انہوں نے عالمی برادری اوراقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم فوری بند کروائے جائیں تاکہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خودکرنے کا حق حاصل ہوسکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں