محکمہ صحت کے تحت کام کرنے والی حیات آباد فوڈ اینڈ ڈرگ لیب کو فوڈ اتھارٹی کی تحویل میں دینے کا فیصلہ

جمعہ 18 جنوری 2019 21:22

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود نے حیات آباد میں واقع محکمہ صحت کے تحت کام کرنے والی فوڈ اینڈ ڈرگ لیب کا دورہ کیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے فوڈ اتھارٹی کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور تحقیقی فیصلوں کو ترویج دینے کیلئے فوڈ اینڈ ڈرگ لیبارٹری کو تحویل میں لیکر بروئے کار لایا جائے۔

اس بارے ڈی جی کے پی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں اعلی سطحی وفد نے فوڈ اینڈ ڈرگ لیب کا دورہ کیا اور عملے کیساتھ ملاقات کی۔ عملے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد شعیب خان اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر سید عبدالستار شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فوڈ لیب کے دورے کے موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ فوڈ لیب کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کو درپیش خوراک کے مسائل بارے تحقیق کو ترویج دی جائے گی جبکہ اس سے فوڈ اتھارٹی کے سٹیٹ آف دی آرٹ لیب کے قیام کا دیرینہ مطالبہ بھی پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیبارٹری اپگریڈیشن کیلئے برطانوی ادارے ڈی ایف آئی نے حامی بھردی ہے اور تمام ترمطلوبہ مشینری و دیگر آلات کی فراہمی کو مذکورہ ادارہ انجام دے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس لیبارٹی کے تحویل میں آنے سے بہت جلد فوڈ اتھارٹی اس قابل ہوجائیگی کہ عوام سے خوراک کے نمونے لیکر اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹیسٹ کیا جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں