پولیو کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، ہشام انعام اللہ

سب کان کھول کر سن لیں جو میرے ملک کے بچوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے کا سوچے گا بھی تو اسے معاف نہیں کیا جائے گا،وزیرصحت خیبرپختونخوا

منگل 23 اپریل 2019 23:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ پولیو کے خلاف افواہیں پھیلانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی اور ان لوگوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ،سب کان کھول کر سن لیں جو میرے ملک کے بچوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے کا سوچے گا بھی تو اسے معاف نہیں کیا جائے گا یہ بچے ہمارے بچے ہیں اور پولیو کے قطرے ان کو پولیو جیسی مہلک بیماری سے نجات دلانے کے لیے پھیلائے جارہے ہیں تاکہ یہ بڑے ہو کر اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

مجھے کل کے واقعہ پر بہت افسوس ہوا یہ لوگ ملک دشمن ہیں ہم ایک زندہ قوم ہیں ہمیں ایک ہو کر ان ملک دشمن عناصر کے خلاف لڑنا ہوگا جو ملک کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھ سکتے یہ لوگ پوری انسانیت کے دشمن ہیں اب تک پروپیگنڈا کرنے والوں میں ملوث 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور درجنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، بچوں سے ڈرامہ کروانے والا ماسٹر مائنڈ بھی سلاخوں کے پیچھے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم جاری رہے گی اور ہمیں دشمن کے ارادے پسپا کرنے ہیں کل کے واقعے میں دشمن کو منہ کی کھانی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے واقعے کی اطلاع صبح گیارہ بجے جیسے ہی موصول ہوئی میں نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں جاکر تمام بچوں سے خود ملا اور میں نے بچوں کو صحت مند پایا مگر واقعے کی تحقیقات کے لیے میں نے ہدایات جاری کیں کہ بچوں کے خون کے نمونے میں دیکھا جائے کہ کوئی وائرس تو موجود نہیں مگر الحمدللہ ہم نے تمام بچوں کے خون کے معائنے کیے اور کسی بچے کے خون میں کسی قسم کا وائرس نہیں پایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور کے پانچ بڑے شہروں میں تقریبا پچیس ہزار بچوں کو لایا گیا اور پورے صوبے بھر سے چالیس ہزار بچوں کو ہسپتالوں میں افواہ کی بنیاد پر لایا گیا اور الحمدللہ کسی ایک بچے کو بھی ہسپتال میں داخل کرنے کی نوبت نہیں آئی اور تمام بچوں کو روٹین چیک اپ کے بعد واپس گھر بھجوا دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ہسپتالوں کے تمام سٹاف کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ہسپتال کے تمام اسٹاف میں 40000 بچوں اور ان کے والدین کو بہتر رویے کے ساتھ علاج اور مطمئن کیا گیا اس عمل میں ان کی تعریف بنتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے پولیو ویکسینیشن کا بی ٹیسٹ کروایا گیا اور کسی قسم کا سائیڈ افیکٹ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے اس موقع پر بچوں کے والدین کو گزارش کی کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ ان کے بچے صحت مند زندگی گزار سکیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ جہاں ہم نے دہشت گردی جیسی مہلک بیماری پر قابو پایا ایک دن ہم انشاء اللہ پاکستان میں پولیو کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینک دیں گے اور دشمنوں کو منہ کی کھانی ہوگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں