خیبر پختونخوا اقتصادی، معاشی اور سماجی شعبوں میں ترقی کی جانب گامزن ہے، شہرام خان ترکئی

گیس اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں،سینئروزیربلدیات

بدھ 24 اپریل 2019 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز اور دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے اپنے منشور کے مطابق عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کے منصوبے ترجیحاً شروع کیے ہیں۔ تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت کی طرح اس دور حکومت میں بھی صوبہ اقتصادی، معاشی اور سماجی شعبوں میں ترقی کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوابی میں کئی چھوٹے بڑے منصوبے شروع کیے ہیں اور بیشتر کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں صوابی کے معززین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی سربراہی مختیار جان کاکا والد شاہ زیب شہید کر رہے تھے جبکہ علی جان کاکا، حاجی غلام حیدر و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

علاقہ مشران نے علاقے کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی اور ترقیاتی سکیموں پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

وفد کے اراکین نے صوبائی وزیر کو علاقہ مکینوں کی مشکلات اور چند دیرینہ حل طلب مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ وہ علاقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ اور انہیں حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور علاقے میں نئے فیڈرز اور گریڈ اسٹیشن کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح گیس کی فراہمی کے لیے بھی پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق عوامی فلاح و بہبود اور لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے سمیت ہر حد تک جائے گی۔ صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو پہلے سے زیادہ مینڈیٹ ملنے کی وجہ عوامی خدمت ہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں