کوئی چارج شیٹ بنی نہ ہی وزیراعظم کو پیش کی جارہی ہے، میڈیا ایسی خبریں دینے سے پہلے تصدیق کرے، وزیراطلاعات خیبر پختون خوا

جمعہ 24 جنوری 2020 17:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کسی کے خلاف کوئی چارج شیٹ بنائی نہ وزیراعظم عمران خان کو ایسی کوئی چارج شیٹ پیش کی جارہی ہے ، وزیراعلی معمول کی ملاقات میں وزیراعظم کو وزراء کی کارکردگی اور محکموں کی کارگزاری کے بارے میں مطلع کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود بھی صوبہ کے تمام امور کے بارے میں وزیراعلی سے رپورٹ لیتے ہیں ، وزیراعلی محمودخان معمول کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کے خلاف کوئی پریشر گروپ نہیں بنا، اراکین اسمبلی نے وزیراعلی محمودخان کے خلاف کسی قسم کا کوئی گروپ نہیں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے رام پورہ بازار اور ہسپتال کے دورے کیے، اختلافات کی خبریں حکومت کی صفوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے، یہ حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش ہے ، میڈیا ایسی خبروں کو اڑانے سے گریز کرے اور خبر دینے سے پہلے تصدیق کرلیا کرے ، ایسی خبروں سے صوبہ سے متعلق بھی منفی تاثر پیداہوتا ہے اور ایسے میڈیا ہائوسز کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں