فیلڈ آفیسرز کے لئے قانونی پیچیدگیاں دور کرکے بہترین ایڈمنسٹریشن کے لئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں،ڈاکٹر کاظم نیاز

ہفتہ 28 نومبر 2020 19:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ ترمیم شدہ ایکٹ سیکشن A 14 کوڈ آف کریمینل پروسیجر 1898 کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے لئے لیگل فریم ورک فراہم کیا گیا ہے اور فیلڈ آفیسرز کے لئے قانونی پیچیدگیاں دور کرکے بہترین ایڈمنسٹریشن کے لئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراونشل سروسز اکیڈمی کے زیرانتظام اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کے لئے منعقدہ تین روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ میں متعلقہ آفیسرز کو ترمیم شدہ ایکٹ سیکشن A 14 کوڈ آف کریمینل پروسیجر 1898 کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔شرکاء کو ترمیم شدہ ایکٹ کے مطابق فیلڈ میں درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لئے قانونی ماہرین نے لیکچرز دیئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پراونشل سروسز اکیڈمی عثمان گل نے کہا کہ یہ پانچواں بیچ تھا جسمیں 58 اسسٹنٹس اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر فیلڈ آفیسرز کو ترمیم شدہ ایکٹ کے مطابق فیلڈ میں کام کرنے کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی اس سے پہلے 4 بیچز میں 200 آفیسرز کے لئے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تھا اور یہ سلسلہ مزید بھی جاری رکھا جائیگا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے پراونشل سروسز اکیڈمی کے تربیتی ورکشاپ کو سراہا اور پراونشل سروسز اکیڈمی کو ہر قسم سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ورکشاپ میں شریک اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں تمام انتظامی امور احسن طریقے سے نبھائیں اور خاص کر سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کریں۔ آخر میں چیف سیکرٹری نے ورکشاپ میں شریک آفیسرز میں سرٹیفیکٹ اور شیلڈ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں