کمشنر پشاور کا سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس، بیروزگار نوجوان کو نوکری اور بچوں کی سرکاری اخراجات پر تعلیم و تربیت کا اعلان

جمعہ 26 اپریل 2024 23:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے پشاور ٹیلہ بند کے رہائشی بے روزگار نوجوان کو سرکاری نوکری،بچوں کی سرکاری اخراجات پر تعلیم و تربیت اور نقد رقم دینے کا اعلان کیا ہے ،سابق صوبائی وزیر عاقل شاہ نے بھی مزدور کو ڈیڑھ لاکھ روپے نقد رقم فراہم کردی ہے۔

کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز نواحی علاقے ٹیلہ بند کے بےروزگار نوجوان کی طرف سے غربت اور بےروزگاری کی وجہ سے اپنے بچے فروخت کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کو فوری ہدایات جاری کیں جس پر علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر احسن علی شاہ کے ذریعے نوجوان کو بچوں سمیت سرکاری گاڑی میں ڈپٹی کمشنر آفس لایا گیا جہاں پر سابق صوبائی وزیر عاقل شاہ نے اپنی جانب سے نوجوان کو ڈیڑھ لاکھ روپے نقد امداد فراہم کی جبکہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو ڈبلیو ایس ایس حسن ناصر نے نوجوان کو بطور سینٹری ورکر نوکری دلانے کے لیے اسناد وصول کیں۔

(جاری ہے)

نوجوان کے بچوں کو تعلیم و تربیت کے لئے فلاحی ادارے زمنگ کور منتقل کیا جائے گا۔ اس موقع پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ شیر زمان کے بچے بھی ہمارے بچے ہیں، سوشل میڈیا کے صحیح استعمال کی وجہ سے آج اس نوجوان کی مجبوری حکومت کے نوٹس میں آئی اور حکومت نے فوری اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی مجبور اور بے آسرا عوام کی خدمت جاری رہے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں