خیبرپختونخوا فوڈ بھر کے بڑے ہسپتالوں کی کینٹیز کی چیکنگ کے لئے مہم کا آغاز

جمعہ 26 اپریل 2024 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر کے بڑے ہسپتالوں کی کینٹیز کی دو روزہ چیکنگ کی خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ ترجمان فوڈ فوڈ سیفٹی کے مطابق خصوصی مہم کے پہلے روز پشاور، مردان، ملاکنڈ،ہزارہ،کوہاٹ،بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژنز میں 39 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت دیگر سرکاری اور نجی ہسپتال کی کینٹینز کے تفصیلی معائنے کیے گئے ہیں جبکہ پشاور ڈویژن میں 9،ملاکنڈ میں 10 اور ہزارہ ڈویژن میں 8 ہسپتالوں کی کینٹینز کی چیکنگ کی گئی ہے۔

پشاور سمیت صوبہ بھر سے کینٹینز اور تھڑوں پر ناقص چھولے،قیمہ، پائے اور کباب وغیرہ کی فروخت پر شہریوں کی جانب سے موصول شکایات پر مہم کا آغاز کیا گیا۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور صفت غیور شہید میموریل ہسپتال، ورسک روڈ اور رنگ روڈ پر سرکاری ونجی ہسپتالوں کی کینٹینز پر اچانک چھاپے مارے گئے اورکینٹینز کے تفصیلی معائنے کیے گئے۔

اس دوران لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کی کینٹین صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال پر سیل کر دی اور بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ صوبہ کی دیگر ہسپتالوں کی کینٹینز کی انسپکشن کے بعد بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے انسپکشن ٹیموں کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبے سے ملاوٹ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں اور ہسپتالوں کی کینٹینز کی چیکنگ باقاعدگی سے ہر صورت یقینی بنائی جائے اور شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کھیلنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں