صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا گندم گودام اضاخیل نوشہرہ کا دورہ

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے سیکرٹری محکمہ خوراک کے ہمراہ گزشتہ روز اضاخیل گندم گودام نوشہرہ کا دورہ کیا اور گندم کی خریداری اور گودام میں بحفاظت سٹور کرنے کےلئے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی کابینہ نے مقامی گندم کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے جس سے نہ صرف معیاری گندم ملے گی بلکہ کافی مالی فائدہ بھی حاصل ہوگا صوبائی کابینہ نے سال کے لئے 6 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دی ہے اور 40 کلوگرام گندم کا ریٹ وفاقی، پنجاب اور بلوچستان حکومتوں کے ریٹ کی طرح 3900 روپے مقرر کیا ہے۔

مقامی کاشتکاروں کے حوالے صوبائی وزیر نے بتایا کہ انکے مفادات کا بھی ہر صورت تحفظ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ محکمے میں شفافیت لانے کے لئے صوبائی حکومت پوری طرح کوشاں ہے جسکے لئے محکمہ خوراک کی محکمانہ امور کی ڈیجیٹائزیش کا عمل جاری ہے جسے جلد مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری گندم کے تدارک کیلئے اب گندم کے معیار کا جائزہ اور چیکنگ گودام کے اندر ہی ہوگا اور گندم کی خریداری، ترسیل اور معیار کی نگرانی اور محکمہ میں بدعنوانی روکنے کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پر یقین رکھتے ہیں اور محکمے کا جو بھی اہلکار بدعنوانی میں ملوث پایا گیا اسے مثالی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں اور میڈیا دونوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے تدارک کیلئے بدعنوان عناصر کی نشان دہی کرکے حکومت سے تعاون کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں