عوامی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دینگے، عوام کی طرف سے ملنے والی بھرپور محبت کا صلہ خدمت کے عمل سے ادا کریں، صوبائی وزیر جنگلات

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے ہر وقت حاضر ہوں ،عوام نے ہم پر جو اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اُن سے کئے گئے تمام وعدے نبھائیں گے عوامی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دینگے ،عوام کی طرف سے ملنے والی بھرپور محبت کا صلہ خدمت کے عمل سے ادا کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار فضل حکیم خان یوسفزئی نے رحیم آباد سوات کے دورہ کے موقع پر لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔دورہ کے موقع پر لوگوں نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے بعض عوامی مسائل موقع پر حل کرنے کے احکامات دئیے جبکہ دیگر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لوگوں نے مسائل کے فوری حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر فضل حکیم خان یوسفزئی کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا خصوصاً حلقہ پی کے 6 کے لوگوں کی تمام تر محرومیوں کا ازالہ احسن طریقے سے کرسکیں عوام کو جہاں بھی مسئلہ ہو ہمیں آگاہ کریں تاکہ اسے بروقت حل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ ترقی اورخوشحالی کا سفر جاری رہے گا اور اس عز م کا اعادہ کیا کہ لوگوں کو ہر جائز سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں