جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض سرانجام دینے والے پولیس افسران و جوانان فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں، آئی جی اخترحیات خان

منگل 30 اپریل 2024 22:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے کہا ہے کہ جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض سرانجام دینے والے پولیس افسران و جوانان فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی عزت افزائی اور حوصلہ افزائی ہر فورم پر بھر پور طریقے سے کی جائیگی۔یہ بات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں پشاور، ملاکنڈ، ہزارہ، مردان، بنوں، کوہاٹ اور ڈی آئی خان ریجنز ، پشاور ٹریفک پولیس اور پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کے افسران و جوانان کو فرائض کی ادائیگی کے دوران بہترین کارکردگی پر تقسیم نقد انعامات اور توصیفی اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل آئی جی پیز ایلیٹ فورس محمد وصال فخر سلطان راجہ ، ہیڈ کوارٹرزاوّل خان، آپریشنز محمد علی بابا خیل، انوسٹی گیشن محمد عالم شینواری اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی جی پی اخترحیات خان نے انعام یافتہ گان کی بے مثال جرات وبہادری ،ڈیوٹی سے لگن اور پیشہ ورانہ جذبے کی تعریف کی ۔ آئی جی پی نے انعامات دیتے ہوئے افسران و جوانان کا خیبر پختونخوا پولیس کا مثبت امیج اجاگر کرنے اور پیشہ ورانہ اُمور کی بہترین انجام دہی کو خوب سراہا۔

خیبر پختونخوا پولیس نے ہمیشہ عملی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے عوام کے دلوں میں پولیس کا وقار بلند کیا ہے۔ قابل اور ایماندار افسران و جوانان خیبر پختونخوا پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے مشکل سے مشکل حالات میں فورس کے مورال کو بلند رکھا۔ ان ہی کی بدولت جرائم پیشہ افراد کو لگام دی ، جرائم میں خاطر خواہ کمی لائی گئی۔

جرائم کی بیخ کنی اورموثر پولیسنگ کے معیار کو برقرار رکھنے میں ان افسران کا اہم کردار ہے۔ آئی جی پی نے انعام یافتگان پر زور دیا کہ وہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف مقامی لوگوں کا تعاون حاصل کرکے باقاعدہ حکمت عملی سے کارروائیاں عمل میں لائیں، آئی جی پی نے واضح کیا کہ پولیس فورس میں جزا وسزا کا عمل برابر جاری رہےگا اور بالخصوص اچھی کارکردگی پر پولیس افسران و جوانان کو انعام دینے سے انہیں جو اطمینان اور تسلی ہوتی ہے اس کا احاطہ الفاظ میں نہیں کیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ پشاور کے تھانہ فقیر آباد، پہاڑی پورہ، چمکنی، میچنی گیٹ، رحمان بابا، ٹائون، بڈھ بیر، انقلاب، گلبہار، شرقی، ضلع خیبر کے تھانہ علی مسجد، جمرود، لنڈی کوتل، تیراہ، باڑہ اور پشاور ٹریفک کے پولیس افسران و جوانان، مالاکنڈ ریجن کے ضلع اپر دیر اور لوئر دیر کے اہلکاروں، ہزارہ ریجن کے ضلع کولائی پالس کوہستان اور ضلع مانسہرہ کے تھانہ سٹی، مردان ریجن کے تھانہ شہباز گڑھی، تھانہ سٹی، شیخ ملتون، ضلع صوابی کے تھانہ کالوخان، تھانہ صوابی ، ضلع چارسدہ کے تھانہ چارسدہ، ضلع نوشہرہ کے تھانہ رسالپور، بنوں ریجن کے ضلع لکی مروت کے تھانہ غزنی خیل، شہباز خیل، کوہاٹ ریجن کے تھانہ کینٹ، تھانہ سٹی، ضلع کرم کے تھانہ پاڑا چنار، ڈیرہ ریجن کے تھانہ صدر، سٹی اور ٹاﺅن اور پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کے اہلکاروں کو مختلف اوقات میں فرائض کی ادائیگی کے دوران بہترین خدمات پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازاگیا۔

پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کے جوانوں کو اسلام آباد میں 23 مارچ کی پریڈ میں بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا ڈی پی اوز اپر دیر وقار احمد خان، کولائی پالس مختیار احمد، لکی مروت طارق حبیب، ایس پیزانوسٹی گیشن کولائی پالس ابرار خان، کرم مظہر جہاں، ایس پی فقیر آباد اُسامہ امین چیمہ، اے ایس پیز چمکنی سید طلال احمد شاہ ، گلبہار محمد حسیب اشرف، ٹائون نازش شہزادی اور ریشم جہانگیر کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں